شمالی بھارت

عتیق احمد کے مددگاروں کی 19 کروڑ روپے مالیتی جائیداد قرق

پولیس کے بموجب سعود اور فیض مقتول گیانگسٹر کے قریبی ساتھی تھے۔ انہوں نے غیرقانونی ذرائع سے دولت اکٹھا کی۔ وہ‘ کوشمبی میں ایک موضع سے تعلق رکھتے ہیں۔

پریاگ راج (یوپی): پریاگ راج پولیس نے مقتول گیانگسٹر و سیاستداں عتیق احمد اور ان کے بھائی اشرف جنہیں 15 اپریل کو پولیس تحویل میں گولی مارکر ہلاک کردیاگیا‘ کے مددگاروں پر دھاوے کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے محمد سعود اور ان کے بھائی فیض احمد کی 19.3 کروڑ روپے مالیتی منقولا و غیر منقولا جائیدادوں کو گیانگسٹر ایکٹ کے تحت قرق کرلیا ہے۔

پولیس کے بموجب سعود اور فیض مقتول گیانگسٹر کے قریبی ساتھی تھے۔ انہوں نے غیرقانونی ذرائع سے دولت اکٹھا کی۔ وہ‘ کوشمبی میں ایک موضع سے تعلق رکھتے ہیں۔

سعود کے خلاف 16 مجرمانہ کیسس درج کئے گئے۔ جن میں جبری وصولی کا کیس بھی شامل ہے۔ جبکہ فیض کے خلاف 3 کیس زیر التواء ہیں۔

پریاگ راج پولیس کی جانب سے عتیق کے 13 قریبی ساتھیوں اور حواریوں پر تیار کی گئی تازہ فہرست میں ان دونوں کا تذکرہ ہے۔

ایک پولیس عہدیدار نے کہا کہ ان کی جائیدادیں قرق کرلی گئی ہیں تاہم پولیس فہرست میں شامل دیگر افراد کے ریکارڈس کی جانچ کررہی ہے اور ان کے خلاف بھی جلد اس نوعیت کی کارروائی کی جائے گی۔

اس کے علاوہ پولیس پوری ریاست میں مقتول گیانگسٹر اور ان کے حواریوں کی بے نامی جائیدادوں کی نشاندہی بھی کررہی ہے۔