غلام نبی آزاد، اب ’آزاد‘ ہو گئے ہیں۔ سمرتی ایرانی کا تبصرہ
غلام نبی آزاد اب آزاد ہوگئے ہیں مگر امیتھی کو طویل عرصہ قبل آزاد کیا گیا۔واضح رہے کہ بی جے پی لیڈر ایرانی نے 2019 لوک سبھا انتخابات میں راہول گاندھی کو امیتھی پارلیمانی نشست سے شکست دی تھی۔
امیتھی: مرکزی وزیر سمرتی ایرانی نے کانگریس کے لیڈر راہول گاندھی پر چوٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ غلام نبی آزاد اب آزاد ہو گئے ہیں۔ مگر امیتھی کو طویل عرصہ قبل آزاد کیا گیا۔
واضح رہے کہ سینئر کانگریسی لیڈر آزاد نے جمعہ کے دن قدیم پارٹی سے پانچ دہے طویل تعلق ختم کرتے ہوئے راہول گاندھی پر سارا مشاورتی میکانزم تباہ کرنے کا الزام عائد کیا۔انہوں نے 2014 میں انتخابی ہزیمت کیلئے بھی ان پر الزام لگایا۔
راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا اور آزاد کے کانگریس چھوڑنے پر ایک سوال پر ایرانی نے یہاں ہفتہ کی شام نامہ نگاروں سے کہا کہ خود کانگریس کی قیادت خاص طور پر گاندھی خاندان پر تبصرہ کررہی ہے چنانچہ ہمیں اس میں کسی چیز کا اضافہ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
غلام نبی آزاد اب آزاد ہوگئے ہیں مگر امیتھی کو طویل عرصہ قبل آزاد کیا گیا۔واضح رہے کہ بی جے پی لیڈر ایرانی نے 2019 لوک سبھا انتخابات میں راہول گاندھی کو امیتھی پارلیمانی نشست سے شکست دی تھی۔
گاندھی خاندان کیلئے امیتھی ایک روایتی نشست رہی ہے اور ماضی میں سنجے گاندھی‘ راجیو گاندھی‘ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی نے اس کی نمائندگی کی۔
ایرانی نے کہا کہ ماضی اور آج کی امیتھی کے درمیان فرق یہ ہے کہ قبل ازیں لوگ یہاں اقتدار کو اپنی جاگیر سمجھا کرتے تھے مگر اب وہاں خدمت کا احساس ہے۔