یوروپ

شہزادی ڈیانا کے زیر استعمال رہنے والی گاڑی 6.5لاکھ پاونڈ میں نیلامی

آنجہانی برطانوی شہزادی ڈیانا کی 25 ویں برسی سے چند روز قبل ان کے زیراستعمال رہنے والی گاڑی کی نیلامی ہوئی ہے جو ایک شہری نے 6.5 لاکھ پاؤنڈ میں خریدی۔

لندن: آنجہانی برطانوی شہزادی ڈیانا کی 25 ویں برسی سے چند روز قبل ان کے زیراستعمال رہنے والی گاڑی کی نیلامی ہوئی ہے جو ایک شہری نے 6.5 لاکھ پاؤنڈ میں خریدی۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ کے مطابق نیلامی کا اہتمام کرنے والے ادارے سلورسٹون کا کہنا ہے کہ گاڑی 80 کی دہائی میں ڈیانا کے زیراستعمال رہی۔اس گاڑی کو لیڈی ڈیانا 1985 سے 1988 تک خود ڈرائیو کرتی رہیں۔

اس کے ساتھ انہوں نے کئی تصویریں بھی کھینچیں۔ ڈیانا زیادہ تر گاڑی خود ہی چلاتی تھیں جبکہ اس وقت ان کے ساتھ سکیورٹی والے بھی ہوتے۔

نیلامی کرنے والی کمپنی کا یہ بھی کہنا ہے کہ کالے رنگ کی فورڈ اسکارٹ آر ایس ٹربو کے لیے لوگوں نے بڑھ چڑھ کر بولی لگائی۔ آکشن ہاؤس کے مطابق ’برطانیہ کے رہائشی (جن کا نام ظاہر نہیں کیا گیا) نے قیمت کی 12 اعشاریہ پانچ فیصد پریمیئم کے طور پر ادا کی۔

‘برطانیہ اور دنیا بھر میں لیڈی ڈیانا کے چاہنے والے 31 اگست کو ان کی 25 ویں برسی منائیں گے جو 1997 میں پیرس میں ایک ٹریفک حادثے میں جان سے چلی گئی تھیں۔ آر ایس گاڑی بنیادی طور پر سفید رنگ میں بنائی جاتی ہے تاہم ڈیانا نے پسند سے کالا رنگ منتخب کیا تھا۔

اس گاڑی میں کمپنی نے ان کے لیے سکیورٹی کے کچھ مخصوص فیچرز بھی شامل کیے تھے۔یہ گاڑی صرف 25 ہزار میل ہی چلی تھی۔

گزشتہ سال بھی ڈیانا کے زیراستعمال رہنے والی گاڑی نیلام کی گئی تھی، وہ بھی فورڈ اسکارٹ تھی اور اس کو 52 ہزار پاؤنڈ (61 ہزار ایک سو ڈالر) میں خریدا گیا تھا۔