شمال مشرق

آسام میں سرکاری بھرتیوں کے امتحان کیلئے انٹرنیٹ خدمات معطل

آسام میں اتوار کے دن مختلف سرکاری محکمہ جات میں عہدوں کیلئے تحریری امتحانات کے دوران نقل نویسی روکنے کیلئے 27 اضلاع میں انٹرنیٹ خدمات چار گھنٹوں تک معطل کردی گئیں۔

گوہاٹی: آسام میں اتوار کے دن مختلف سرکاری محکمہ جات میں عہدوں کیلئے تحریری امتحانات کے دوران نقل نویسی روکنے کیلئے 27 اضلاع میں انٹرنیٹ خدمات چار گھنٹوں تک معطل کردی گئیں۔

حکام نے گوہاٹی ہائی کورٹ کی جانب سے امتحان کے اوقات کے دوران انٹرنیٹ خدمات معطل کرنے کے فیصلے پر روک لگانے کیلئے داخل کی گئی عرضی ردکرنے کے بعد انٹرنیٹ خدمات معطل کرنے کے فیصلے پر عمل کیا۔

اس کے علاوہ امتحان کیلئے تمام 27 اضلاع میں دفعہ 144 کے تحت امتناعی احکامات نافذ کئے گئے۔ یو این آئی کے بموجب آسام میں سرکاری محکمہ جات میں بھرتیوں کیلئے آزادانہ و منصفانہ امتحانات کے انعقاد کیلئے کئی اضلاع میں موبائل انٹرنیٹ خدمات چار گھنٹوں تک معطل کی گئی اور ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144 کے تحت امتناعی احکامات نافذ کئے گئے۔

چیف منسٹر ہیمنتا بسواس شرما نے ہفتہ کے دن ریاست بھر میں امتحانات کے انعقاد کے سلسلہ میں تیاریوں کا جائزہ لیا۔آسام کے 25 اضلاع میں 21 ا گست کو درج چہارم کے عہدوں کیلئے تحریری امتحانات کے دوران انٹرنیٹ خدمات چار گھنٹوں تک معطل کی گئی اور ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144 کے تحت امتناعی احکامات نافذ کئے گئے۔

واضح رہے کہ گوہاٹی ہائی کورٹ میں 21 ا گست کو امتحانات کیلئے انٹرنیٹ موبائل خدمات معطل کرنے کے خلاف ایک عرضی داخل کی گئی تھی تاہم عدالت نے جمعہ کے دن حکومت کے حکم پر روک لگانے سے انکار کردیا۔درج سوم اور درج چہارم کے قریب 30 ہزار جائدادوں کیلئے 14.30 لاکھ سے زائد امیدواروں نے درخواستیں داخل کیں۔

چیف منسٹر نے جائزہ اجلاس کے دوران عہدیداروں کو یہ یقینی بنانے کی ہدایت دی کہ امتحانی عمل کے دوران کوئی غیر مناسب ذرائع کا استعمال نہ کرے۔شرما نے کہا کہ اگر حکومت میں مخلوعہ عہدے معیار کی بنیاد پر منتخب کئے گئے امیدواروں سے پُر کئے گئے تو اس سے حکومتی مشینری فعال ہوگی۔