لالوپرساد یادو کا قریبی مددگار بھولایادو گرفتار
بھولایادو 2005 اور 2009 کے درمیان اُس وقت کے وزیر ریلوے لالو پرسادیادو کا آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی(او ایس ڈی) تھا۔ اسے راشٹریہ جنتادل(آر جے ڈی) کے حامی ہنومان یا لالو پرساد یادو کا سایہ کہا کرتے تھے۔
نئی دہلی: سی بی آئی نے سابق چیف منسٹر بہار لالو پرسادیادو کے خاص آدمی بھولا یادو کو ”لینڈ فار جابس“ اسکام کے سلسلہ میں گرفتار کرلیا۔ یہ اسکام اُس وقت ہوا تھا جب لالو پرساد یادو یوپی اے حکومت میں وزیر ریلوے تھے۔ عہدیداروں نے چہارشنبہ کے دن یہ بات بتائی۔
سنٹرل بیورو آف انوسٹیگیشن نے چہارشنبہ کے دن بھولایادو کے 4 مکانوں (دربھنگہ میں 2 اور پٹنہ میں 2) کی تلاشی لی۔ بھولایادو 2005 اور 2009 کے درمیان اُس وقت کے وزیر ریلوے لالو پرسادیادو کا آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی(او ایس ڈی) تھا۔ اسے راشٹریہ جنتادل(آر جے ڈی) کے حامی ہنومان یا لالو پرساد یادو کا سایہ کہا کرتے تھے۔
سی بی آئی نے اسکام کے سلسلہ میں اس سے پوچھ تاچھ کی۔ ریلوے میں گروپ ڈی کی نوکریوں کے عوض پٹنہ میں امیدواروں کے خاندانوں سے ایک لاکھ مربع میٹر اراضی خریدی یا لالو پرساد یادو کے ارکان ِ خاندان کو منتقل کی گئی تھی۔ سی بی آئی کو شبہ ہے کہ بھولا یادو نے نوکریاں دلوائی تھیں اور بدلہ میں لالو یادو کے کنبہ کو اراضی منتقل کرائی تھی۔