دہلی

ویڈیو: نئی پارلیمنٹ کا گنپتی ہون کے ساتھ افتتاح، وزیراعظم سینگول کے سامنے جھکے (تفصیلی خبر)

وزیراعظم نریندر مودی نے نئی دہلی میں اتوار کی صبح پارلیمنٹ کی نئی عمارت کا افتتاح کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ لوگوں کو بااختیار بنانے کا گہوارہ بنے گی۔ یہ خواب دیکھنے اور انہیں حقیقت میں بدلنے کا حوصلہ دے گی۔

نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے نئی دہلی میں اتوار کی صبح پارلیمنٹ کی نئی عمارت کا افتتاح کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ لوگوں کو بااختیار بنانے کا گہوارہ بنے گی۔ یہ خواب دیکھنے اور انہیں حقیقت میں بدلنے کا حوصلہ دے گی۔

متعلقہ خبریں
آرام گھر فلائی اوور کا چیف منسٹر کے ہاتھوں افتتاح
وزیراعظم کی پیرالمپکس میں میڈل جیتنے والوں سے بات چیت (ویڈیو)
خواتین کے خلاف مظالم معاشرہ کیلئے باعث تشویش: نریندر مودی
وزیراعظم نے میرے مکتوب کا کوئی جواب نہیں دیا: ممتا بنرجی
ایکس پر مودی کے ریکارڈ 10 کروڑ فالوورز

روایتی لباس میں مودی گیٹ نمبر 1 سے پارلیمنٹ کے احاطہ میں داخل ہوئے۔ اسپیکر اوم برلا نے ان کا خیرمقدم کیا۔ کرناٹک کے شرنگیری مٹھ کے پجاری ویدوں کا جاپ کررہے تھے۔ وزیراعظم نے گنپتی ہومم (ہون) کیا۔

وزیراعظم سینگول کے سامنے جھکے اور ٹاملناڈو کے مختلف ادھینمس کے پجاریوں کا آشیرواد لیا۔ وہ سینگول اپنے ہاتھ میں تھامے ہوئے تھے۔ مودی نے اس چھڑی کو جلوس کی شکل میں لے جاکر پارلیمنٹ کی نئی عمارت کے اندر لوک سبھا چیمبر میں اسپیکر کی کرسی کے سیدھی جانب خصوصی انکلوژر میں رکھ دیا۔

کئی مرکزی وزرا بشمول راج ناتھ سنگھ‘ امیت شاہ‘ ایس جئے شنکر‘ اشوینی ویشنو‘ من سکھ منڈاویہ اور جتیندر سنگھ کے علاوہ چیف منسٹر اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ‘ چیف منسٹر آسام ہیمنت بشواشرما اور بی جے پی صدر جے پی نڈا اس موقع پر موجود تھے۔

ہمہ مذہبی دعائیہ اجتماع کا بھی اہتمام کیا گیا۔ وزیراعظم بعدازاں اسپیکر اور بعض دیگر ممتاز شخصیتوں کے ساتھ اولڈ پارلیمنٹ ہاؤز گئے۔

نئی عمارت کا افتتاح کئی اپوزیشن جماعتوں کے بائیکاٹ کے بیچ ہوا جن کا اصرار تھا کہ صدرجمہوریہ دروپدی مرمو کو سربراہ ِ مملکت ہونے کے ناطہ عمارت کا افتتاح کرنا چاہئے تھا۔

نئی عمارت ٹاٹا پراجکٹس لمیٹڈ نے تعمیر کی ہے۔ تکونی عمارت کا تعمیری رقبہ 64,500 مربع میٹر ہے۔ اس کے 3 گیٹس ہیں جنہیں گیان دوار‘ شکتی دواراور کرما دوار کا نام دیا گیا ہے۔

وی آئی پیز‘ ارکان پارلیمنٹ اور وزیٹرس کے لئے علیحدہ باب الداخلے بنے ہیں۔ نئی عمارت کی تعمیر میں استعمال کردہ مٹیرئیل ملک کے مختلف حصوں سے منگوایا گیا۔ ساگوان کی لکڑی مہاراشٹرا کے ناگپور سے منگوائی گئی جبکہ ریڈ اینڈ وائٹ سینڈ اسٹون راجستھان کے سرمتھرا سے آیا۔ لال قلعہ اور ہمایوں کے مقبرہ کے لئے بھی سینڈ اسٹون سرمتھرا سے ہی آیا تھا۔

12 کروڑ روپیوں کی لاگت سے بنی عمارت میں لوک سبھا چیمبر میں 888 اور راجیہ سبھا چیمبر میں 300 ارکان آرام سے بیٹھ سکتے ہیں۔ دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس کی طلبی کی صورت میں 1280 ارکان کو لوک سبھا چیمبر میں بٹھایا جاسکتا ہے۔

نئی عمارت کا سنگ بنیاد 10 دسمبر 2020 کو رکھا گیا تھا۔ تعمیر 2021 کے اوائل میں شروع ہوئی تھی اور تکمیل میں 2 سال سے زائد وقت لگا۔ موجودہ عمارت 1927میں بنی تھی اور یہ 96 سال پرانی ہوچکی ہے۔