دہلی

گوتم اڈانی دنیا کے چوتھے امیر ترین  شخص، فوربس کی نئی فہرست جاری

فوربس کے جاری کردہ نئے اعداد و شمار کے مطابق، اڈانی گروپ کے اسٹاکس کی قدر میں تیزی سے اضافے کی بدولت اڈانی کی دولت میں 2.9 بلین ڈالر کا اضافہ ہوا۔

حیدرآباد: فوربس کی ریئل ٹائم ارب پتیوں کی فہرست کے مطابق، اڈانی گروپ کے سربراہ گوتم اڈانی 115.5 بلین ڈالر کی مجموعی مالیت کے ساتھ، مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دنیا کے چوتھے امیر ترین شخص بن گئے ہیں۔

فوربس کے جاری کردہ نئے اعداد و شمار کے مطابق، اڈانی گروپ کے اسٹاکس کی قدر میں تیزی سے اضافے کی بدولت اڈانی کی دولت میں 2.9 بلین ڈالر کا اضافہ ہوا۔

گزشتہ ہفتے مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کی جانب سے اپنی غیر منافع بخش تنظیم – بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کو 20 بلین ڈالر کی دولت عطیہ کرنے کے اعلان کے بعد ارب پتیوں کی درجہ بندی میں ردوبدل ہوگیا ہے۔

اڈانی کے ہم وطن ریلائنس گروپ کے مالک مکیش امبانی، 87.7 بلین ڈالر کی دولت کے ساتھ، فوربس کی عالمی فہرست میں 10 ویں نمبر پر ہیں۔

تاہم، اڈانی بلومبرگ بلینیئرز انڈیکس میں 5ویں نمبر پر ہے۔ بلومبرگ کے ریئل ٹائم ڈیٹا کے مطابق ان کی دولت110 بلین ڈالر ہے۔

اڈانی گروپ کا بزنس انفراسٹرکچر، خوردنی اشیاء، بجلی کی پیداوار اور ٹرانسمیشن اور رئیل اسٹیٹ پر محیط ہے۔

اڈانی گروپ کے سربراہ نے حال ہی میں اپنی 60 ویں سالگرہ پر سماجی کاموں کے لیے 60,000 کروڑ روپے عطیہ کرنے کا وعدہ کیا ہے۔