امریکہ و کینیڈا

برطانیہ میں انتہائی شدید گرمی، اب تک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ

محکمہ نے مزید کہا ہے کہ درجہ حرارت مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ اس طرح برطانیہ پہلی بار 40 ڈگری درجہ حرارت کو عبور کرے گا جو اپنے آپ میں ایک نیا ریکارڈ ہوگا۔

لندن: شدید گرمی کی لہر نے پیر کے روز مغربی یوروپ کے بیشتر حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، اس گرمی نے جنگل کی خوفناک آگ کو مزید ہوا دی ہے جس کے بعد ہنگامی خدمات کو بڑھانے پر حکومت کو مجبور ہونا پڑا۔

اسی دوران برطانیہ میں پیر اور منگل کی درمیانی شب اب تک کی سب سے گرم ترین رات رہی جس کے بعد، ملک کے محکمہ موسمیات نے کہا کہ لندن کے جنوب میں گیٹوک ایئرپورٹ کے قریب چارلووڈ میں عارضی طور پر اب تک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت 39.1 ڈگری سیلسیس (102.4 فارن ہائیٹ) ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگر اس بات کی تصدیق ہو جاتی ہے تو یہ برطانیہ میں ریکارڈ کیا جانے والا اب تک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہو گا۔

محکمہ نے مزید کہا ہے کہ درجہ حرارت مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ اس طرح برطانیہ پہلی بار 40 ڈگری درجہ حرارت کو عبور کرے گا جو اپنے آپ میں ایک نیا ریکارڈ ہوگا۔

ماہرین، موسمیاتی تبدیلی کو تازہ ترین ہیٹ ویو کے لئے ذمہ دار ٹھہراتے ہیں اور بتاتے ہیں کہ آنے والے برسوں میں ہمیں مزید شدید اور سخت موسموں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

اسی کے ساتھ انگلینڈ اور ویلز کے بیشتر حصوں میں شدید گرمی کے پیش نظر حکومت نے ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے، جہاں احتیاط کے طور پر کچھ ریل روٹس بند کردی گئی ہیں اور کچھ علاقوں میں اسکولوں کو بھی چھٹی دے دی گئی ہے۔

ٹرانسپورٹ سکریٹری گرانٹ شیپس نے اسکائی نیوز کو بتایا کہ ہمارا بہت سا انفراسٹرکچر اس درجہ حرارت کے لیے نہیں بنایا گیا ہے اور ہمیں مستقبل میں شدید موسموں سے محفوظ رہنے کے لئے بہت جلد اہم قدم اٹھانے ہوں گے۔