جموں و کشمیر

گپکر اتحاد میں اختلافات کی تردید: ڈاکٹر فاروق عبداللہ

سابق چیف منسٹر اور نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جمعرات کے روز اس بات کی تردید کی کہ چند ایسے اختلافات ہیں جو عوامی اتحاد برائے گپکر اعلامیہ (پی اے جی ڈی) کو توڑسکتے ہیں۔

سری نگر: سابق چیف منسٹر اور نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جمعرات کے روز اس بات کی تردید کی کہ چند ایسے اختلافات ہیں جو عوامی اتحاد برائے گپکر اعلامیہ (پی اے جی ڈی) کو توڑسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اتحاد و اتفاق قوم کی بڑی فتح و نصرت سے تعبیر کی جاتی ہے جبکہ نااتفاقی‘ ناکامی‘ تباہی و بربادی کی نشاندہی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے عوام کے جمہوری اور دستوری حقوق ہر روز سلب کئے جارہے ہیں۔

ناانصافی کا دوردورہ ہے فاروق عبداللہ نے کہا کہ پورے عزم و حوصلہ اور صبرو استقلال کے ساتھ ہی ان چالینجس اور آزمائشوں کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔

تاریخ گواہ ہے کہ ان حکمرانوں اور بادشاہوں پر کس قدر قہر اور طوفان برپا ہوئے جنہوں نے اپنی رعایا پر ظلم و ستم کے پہاڑ ڈھائے تھے۔

اللہ تعالیٰ نے وقت وقت پر ظالم حکمرانوں کے نام و نشان کو مٹادیا ہے۔ آج بھی ہم ناانصافی کے خلاف صف آراء ہوئے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ عوام کے بھرپور اشتراک سے ہمیں کامیابی اور کامرانی حاصل ہوگی۔