یوکرین کا جنگی منظرنامہ جہاں پوری دنیا کے لیے مہنگائی کا پیش خیمہ بن کر ابھرا ہے وہیں یہ عسکری تنازع نجومیوں کے لیے بھرپور کمائی کا ذریعہ بن چکا ہے۔ روس اور یوکرین میں پہلے ہی قسمت کا حال جاننے کے شوقینوں کا ایک بڑا طبقہ موجود تھا، لیکن جنگی منظرنامہ میں نجومیوں کی حقیقی معنوں میں چاندی ہوچکی ہے۔ اس وقت مشرقی یوروپی ممالک، روس اور یوکرینی خطہ میں سینکڑوں نجومی‘ دفاتر میں اور آن لائن رہ کر کلائنٹس کو جنگی منظرنامہ کی تباہی اور اس سے بچاﺅ کے لیے مشوروں، تعویذات، پتھروں، طلسمی نقوش وغیرہ من مانی فیس لے کر فروخت کررہے ہیں۔ انٹرنیٹ پر روسی انٹرنیٹ سرچ انڈیکس سے علم ہوا ہے کہ یوکرین جنگ کے پہلے ہفتہ میں نجومیوں کی تلاش اور ان کے رابطہ نمبر کے لیے کی گئی سرچ میں 700گنا اضافہ ہوچکا ہے۔ فروری تا جون 2022 روسی سرچ انجن پر نجومی کی تلاش کرنے والے روسیوں کی تعداد12اکھ سے زیادہ تھی۔ نجومیوں سے پوچھے جانے والے بیشتر سوالات یہ ہیں کہ کیا روس، یوکرین یا یوروپ پر ایٹمی حملہ کردے گا؟ کیا روسی جنگ یورپ تک پھیل جائے گی؟ کیا یہ جنگ چوتھی اور حتمی عالمی جنگ کا آغاز ہے؟ روس یوکرین جنگ میں کون فاتح ہوگا؟ وغیرہ وغیرہ جبکہ نقل مکانی کرنے والے یوکرینی باشندوں کی اکثریت کا سوال یہ ہے کہ ہم واپس اپنے گھرو ںکو جاسکیں گے؟ اور اگر جاسکیں گے تو کب تک واپس جاسکیں گے۔ ادھر ہندوستانی نجومی سائٹ ”اسٹرویوگی“ کاد عویٰ ہے کہ روس اس جنگ کا فاتح ہوگا۔ ماسکو سے پانچ گھنٹوں کی مسافت پر موجود شہر لینن گراڈ کی رہائشی یولیا آشنکوف نے تسلیم کیا ہے کہ انہوں نے گزشتہ ایک ماہ میں کم از کم چار نجومیوں سے رابطے کیے ہیں اور اپنے بھائی نوشکوف جو ایک روسی کمانڈو ہے، اس کی سلامتی اور بحفاظت واپسی کے لیے ستارو ںکی چال معلوم کی ہے۔ یولیا کہتی ہیں کہ انہوں نے اپنے بھائی کی سلامتی کے لیے نجومی سے ”حفاظت کاطلسم یا نقش“ مانگا ہے جس کی قیمت ان کو تیس ہزار روبل (540 امریکی ڈالر) ادا کرنے پڑے ہیں۔ ”اے ایف پی“ کے مطابق روس کی ایک خاتون نجومی الینا اپنے اپارٹمنٹ میں بنے دفتر میں درجنوں کلائنٹس کو قسمت کا حال اور جنگ کا منظرنامہ زائچوں کی شکل میں پڑھ کر سناتی ہیں۔ الینا کے کلائنٹس پہلے بغیر اپائنٹم©نٹ ان کے پاس آجاتے تھے، لیکن جنگ کے بعد کے منظرنامہ میں الینا نے ہجوم کی وجہ سے کلائنٹس کو پیشگی اطلاع کرکے ٹوکن اور ٹائم لے کر دفتر آنے کا پابند کردیا ہے۔ الینا نے بتایا کہ لوگ جنگ کی وجہ سے مستقبل کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔ وہ مجھ سے جاننا چاہتے ہیں کہ دنیا سے بالکل علاحدہ ہو کر روس کا مستقبل کیا ہوگا؟ الینا کی پیشگوئی کے مطابق ماسکو نہ صرف معاشی بحرن سے نکل آئے گا بلکہ فتحیاب بھی ہوگا۔ الینا کا دعویٰ ہے کہ ستمبر میں سیاسی طوفان میں شدت ہوگی، لیکن روس اس سے کامیاب ہو کر نکلے گا۔ الینا کا کہنا ہے کہ جنگی منظرنامہ جیسے جیسے گرم ہورہا ہے ویسے ویسے ان کے کلائنٹس کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ اس وقت وہ اپنے کلائنٹس سے ایک ملاقات کی فیس 100یو ایس ڈالر کے مساوی لیتی ہیں۔ ایک روسی نجومی کو نسٹ نٹائن ڈراگون کا دعویٰ ہے کہ روس نہ صرف یوکرین جنگ بلکہ یوروپ کے ساتھ تنازعات میں بھی فتحیاب ہوگا، کیوںکہ روس کو جلد دنیا میں مرکزی اہمیت حاصل ہونے والی ہے۔ ادھر یوکرینی نجومی ولادروس مستقبل میں روس کی تباہی اور صدر پوٹن کی موت کا دعویٰ کررہے ہیں۔ ویلادروس کا دعویٰ ہے کہ روسی صدر شدید علیل ہیں اور مارچ2023 تک آنجہانی ہوجائیں گے۔ یوکرینی خاتون نجومی انجیلا پرل نے ایک ویڈیو پیعام میں دعویٰ کیا کہ روس کا نشان ”زحل“ ہے جبکہ یوکرین کا ”دلو“ ہے اور اسی تناظر میں یوکرین کو عنقریب فتح ہوگی۔ جنگی منظرنامہ میں ایسے نجومی بھی ”آن لائن کمائی“ میں مشغول دکھائی دیتے ہیں جن کے اپنے پاس زائچہ بھرنے یا ستاروں کی چال اور الٹ پھیر سمیت سیارگان کے خانہ کو پڑھنے کی صلاحیت نہیں ہے۔ ”اے ایف پی“ کا کہنا ہے کہ یوکرینی جنگ کی غیریقینی کیفیت میں زیادہ سے زیادہ روسی شہریوں نے نجومیوں کا سہارا لینا اور رابطہ شروع کردیا ہے۔ روسی نیوز پورٹل ”ریانووستی“ کا بھی کہنا ہے کہ روس میں نجومیوں اور قسمت کا حال بتانے والوں کو ہمیشہ سے اہمیت حاصل رہی ہے، لیکن ہنگامہ خیز جنگی حالات میں نجومیوں کی حقیقی اعتبار سے چاندی ہوچکی ہے۔ ادھر تقریباً تباہ شدہ یوکرینی شہروں میں بھی آج کل کچھ ایسے حالات ہیں کہ ہر شخص اپنے مستقبل کے سوالات کے جوابات تلاش کرنے کے لیے نجومیوں سے رابطوں میں آنا چاہتا ہے۔