آتشزدگی سے متاثرعمارت سے جلی ہوئی دو لاشیں دستیاب
منسٹریل روڈ سکندرآباد میں آتشزدگی سے متاثر کمرشیل کامپلکس میں جمعہ کے روزڈرون سرچ آپریشن کے دوران دو لاشیں دستیاب ہوئی ہیں۔ جلی ہوئی ان دو نوں لاشوں کی شناخت نہیں ہوئی ہے۔

حیدرآباد: منسٹریل روڈ سکندرآباد میں آتشزدگی سے متاثر کمرشیل کامپلکس میں جمعہ کے روزڈرون سرچ آپریشن کے دوران دو لاشیں دستیاب ہوئی ہیں۔ جلی ہوئی ان دو نوں لاشوں کی شناخت نہیں ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق تین ورکرس جنید‘وسیم اور ظہیر لاپتہ بتائے گئے تھے۔ آتشزدگی واقعہ کے بعد سے ان تینوں کاکوئی پتہ نہیں چل پایا۔ ان تین لاپتہ ورکرس کی تلاشی کاآپریشن جاری ہے۔
عہدیداروں نے اس بات کی توثیق کی ہے کہ عمارت کے اندر ان تینوں کے سل فونس کے لوکیشن کاپتہ لگایاگیاہے۔عہدیداروں نے اس تباہ عمارت میں ڈرون کی مدد سے سرچ آپریشن شروع کیاہے تاکہ اس بات کاپتہ لگایا جائے کہ کہیں اس عمارت میں لاشیں تونہیں ہیں۔
عمارت میں ڈرون بھیجنے کا فیصلہ حکام نے اس شبہ کے درمیان کیاکہ آتشزدگی کے وقت عمارت کے اندر لوگ پھنسے ہوئے تھے‘ دریں اثناء جی ایچ ایم سی عہدیدار محفوظ طریقہ سے اس تباہ عمارت کومسمار کرنے کے منصوبہ پرکام کررہے ہیں۔
آگ لگنے کے دوران دھویں سے متاثرافراد کے علاج کیلئے گاندھی ہاسپٹل کے ڈاکٹروں نے یہاں ایک میڈیکل کیمپ منعقد کیا۔ اس علاقہ کے رہائشی عوام کو قریبی کمیونٹی سنٹر منتقل کیاگیاتھا۔
واضح رہے کہ کمرشیل کامپلکس میں لگی آگ پر12 گھنٹوں کی طویل جدوجہد کے بعد قابو پالیا گیا۔شہرکے مختلف مقامات سے طلب 24 فائرانجنوں کے عملہ نے آخرکار یہ آگ بجھادی۔