پرگتی بھون بمقابلہ راج بھون کیس, سپریم کورٹ میں سماعت
سپریم کورٹ میں آج حکومت تلنگانہ کو اس وقت ہزیمت کاسامنا کرناپڑا جب عدالت عظمیٰ نے گورنر ڈاکٹر تمثیلی سائی سوندرا راجن کو نوٹس جاری کرنے سے انکار کردیا۔

حیدرآباد: سپریم کورٹ میں آج حکومت تلنگانہ کو اس وقت ہزیمت کاسامنا کرناپڑا جب عدالت عظمیٰ نے گورنر ڈاکٹر تمثیلی سائی سوندرا راجن کو نوٹس جاری کرنے سے انکار کردیا۔
حکومت تلنگانہ کی جانب سے سپریم کورٹ میں گورنر کو اسمبلی اور کونسل میں منظورہ 8 بلز کو منظور ی دینے کی ہدایت دینے کے متعلق دائرہ کردہ عرضی پر آج سماعت عمل میں آئی۔ ابتداء میں چیف جسٹس چندرا چوڈ پرمشتمل بنچ نے گورنر کو نوٹس جاری کرنے کافیصلہ لیا اور اس سلسلہ میں مرکزی حکومت کی رائے حاصل کی گئی۔
دوسری طرف سالسیٹسر جنرل (ایس جی) تشہار مہتا نے عدالت سے اپیل کی کہ وہ گورنر کو نوٹس جاری نہ کرے جس کو قبول کرلیاگیا۔ تشہار مہتا نے کہاکہ گورنر اور مرکزی حکومت کو نوٹس جاری کرنے سے غلط رجحان چل پڑے گا چونکہ گورنر کاعہدہ ریاست کے لیے دستوری سربراہ کاہے۔
اس عہدہ پر فائز شخص کو نوٹس جاری کرنا مناسب نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ جن بلزکا تذکرہ حکومت تلنگانہ کررہی ہے‘انہیں گورنر کے پاس منظوری کے لیے روانہ کئے ہوئے صرف چند دن ہوئے ہیں۔
اصل واقعہ معلوم کرتے ہوئے عدالت میں رپورٹ داخل کی جائے گی۔ تشہار مہتار کے دلائل کی سماعت کے بعد چیف جسٹس نے پیر تک عدالت میں رپورٹ داخل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے مقدمہ کی سماعت کو پیر تک ملتوی کردیا۔
یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ حکومت تلنگانہ نے سپریم کورٹ سے خواہش کی تھی کہ گورنر کو روانہ کردہ بلز کو فوری منظوری دینے کی ہدایت دیں۔