مہاراشٹرا

امراوتی قتل کا مقصد نپور شرما کے حامیوں میں دہشت پیدا کرنا تھا: این آئی اے

یہ معاملہ 21/ جون 2022 کو مہاراشٹرا کے امراوتی میں فارماسسٹ اُ میش کولہے کے قتل کا ہے۔ اسے اس کے سوشل میڈیا پوسٹ کی وجہ سے قتل کیا گیا جس میں اس نے نپور شرما کی تائید کی تھی۔

ممبئی: قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے دعویٰ کیا کہ امراوتی میں فارماسسٹ اُمیش کولہے کا قتل عوام کے اس گوشہ میں دہشت پیدا کرنا جو بی جے پی کی سابق ترجمان نپور شرما کی اس کے پیغمبر محمدؐ کے تعلق سے متنازعہ ریمارکس پر حمایت کررہے ہیں۔

 کولہے کے قتل کے سلسلے میں درج اپنی ایف آئی آر میں تحقیقاتی ایجنسی نے جرم کو ”وسیع تر سازش“ قرار دیا جس کا مقصد معطل بی جے پی لیڈر کی حمایت کرنے والوں کو دہشت زدہ کرنا ہے۔ لوگو ں کے ایک گروپ نے یہ سازش رچی تا کہ شرما اور بی جے پی کے برطرف لیڈر نوین کمار جندل کی حمایت کرنے والے لوگوں کو پیغام دیا جاسکے۔

این آئی اے نے ملزمین کے بین الاقوامی روابط ہونے کے امکان کو خارج نہیں کیا۔ چہارشنبہ کو مرکزی ایجنسی نے مہارشٹرا میں 13مقامات پر دھاوے کیے جن میں اس نے مجرمانہ دستاویزات کی برآمدگی کا دعویٰ کیا۔ ملزمین اور مشتبہ افراد کے ٹھکانوں پر دھاوؤں کے دوران ڈیجیٹل آلات (موبائیل فونس، سم کارڈس، میموری کارڈس، ڈی وی آرس) نفرت انگیز بیانات کے پمپفلٹس، چھرے اور دیگر مجرمانہ دستاویزات اور مواد ضبط کیا گیا۔

یہ معاملہ 21/ جون 2022 کو مہاراشٹرا کے امراوتی میں فارماسسٹ اُ میش کولہے کے قتل کا ہے۔ اسے اس کے سوشل میڈیا پوسٹ کی وجہ سے قتل کیا گیا جس میں اس نے نپور شرما کی تائید کی تھی۔ ابتداء میں یہ کیس شہر کوتوالی پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا، بعد ازاں 2/ جولائی کو تحقیقات این آئی اے کے حوالے کردی گئی۔