’انڈیا بلاک، قومی سطح پر مسلم چہرہ نہیں چاہتا‘
اے آئی یو ڈی ایف کے رکن اسمبلی اور پارٹی جنرل سکریٹری امین الاسلام نے کہا کہ ہماری پارٹی‘ انڈیا بلاک کا حصہ نہیں ہے کیونکہ وہ بلاک نہیں چاہتا کہ قومی سیاست میں کوئی مسلم چہرہ اُبھرے چاہے وہ بدرالدین اجمل ہو یا اسدالدین اویسی۔
گوہاٹی: آسام میں آل انڈیا ڈیموکریٹک فرنٹ (اے آئی یو ڈی ایف) سے اتحاد کو کانگریس رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی کی طرف سے خارج ازامکان قراردیئے جانے کے چند دن بعد پارٹی نے الزام عائد کیا کہ اپوزیشن انڈیا بلاک نہیں چاہتا کہ قومی سطح پر ایک مسلم چہرہ اُبھرے۔
منگل کے دن اے آئی یو ڈی ایف کے رکن اسمبلی اور پارٹی جنرل سکریٹری امین الاسلام نے کہا کہ ہماری پارٹی‘ انڈیا بلاک کا حصہ نہیں ہے کیونکہ وہ بلاک نہیں چاہتا کہ قومی سیاست میں کوئی مسلم چہرہ اُبھرے چاہے وہ بدرالدین اجمل ہو یا اسدالدین اویسی۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس اور دیگر سیاسی جماعتیں زیادہ کٹر ہندو گروپ بننا چاہتی ہیں حالانکہ وہ مسلم ووٹ بھی چاہتی ہیں۔ کانگریس نے سابق میں اے آئی یو ڈی ایف کے ساتھ اتحاد چاہا تھا لیکن لمحہ آخر میں اس نے اپنا ذہن بدل لیا تھا۔
امین الاسلام نے آسام میں کانگریس کے ساتھ 12 سیاسی جماعتوں کے اتحاد پر بھی تنقید کی اور کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں جانتی ہیں کہ کانگریس اس کا ساتھ دینے والے کسی بھی حلیف کو دھوکہ دیتی ہے۔