اگر نرملاسیتارمن کا بس چلے تو کرنسی نوٹوں پر مودی کی تصویر شائع کرائیں گی
کے تارک راما راؤ نے کہا کہ اگر مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتا رمن کو موقع دیا جائے تو ممکن ہے کہ وہ آر بی آئی کی جانب سے طبع کئے جانے والی کرنسی نوٹوں پر گاندھی جی کے بجائے نریندر مودی کی تصاویر شائع کرانے سے گریز نہیں کریں گی۔

حیدرآباد: گجرات کے شہر احمد آباد کے مشہور ایل جی ہاسپٹل اور یہاں کے سردار ولبھ بھائی پٹیل اسٹیڈیم کے نام کو تبدیل کرتے ہوئے انہیں وزیر اعظم نریندر مودی سے موسوم کرنے کے اقدامات پر شدیدردعمل کا اظہار کرتے ہوئے حکمراں جماعت ٹی آر ایس کے کارگذار صدر کے تارک راما راؤ نے کہا کہ اگر مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتا رمن کو موقع دیا جائے تو ممکن ہے کہ وہ آر بی آئی کی جانب سے طبع کئے جانے والی کرنسی نوٹوں پر گاندھی جی کے بجائے نریندر مودی کی تصاویر شائع کرانے سے گریز نہیں کریں گی۔
ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے کے ٹی آر نے گجرات کے شہر احمد آباد کے ایل جی ہاسپٹل اور سردار ولبھ بھائی پٹیل اسٹیڈیم کو نریندر مودی کے نام سے موسوم کرنے کے احمد آباد میونسپل کارپوریشن کے فیصلہ کو بدبختانہ قرار دیا۔
ایک اور ٹوئٹ میں کے ٹی آر نے موسمی تبدیلی کو فوری خطرہ قرار دیا اور کہا کہ تلنگانہ فاریسٹ یونیورسٹی کی طرح موسم میں توازن کو برقرار رکھنے اور زمین کے تحفظ کیلئے اقدامات کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ آنے والی نسلوں کو پائیدار ترقی اور شجرکاری کے با رے میں آگاہ کرنا چاہئے۔ اس حصہ کے طور پر حکومت تلنگانہ مختلف اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موسمی تبدیلی فوری بڑا خطرہ ہے۔
ملک کی ہر ریاست کو اس مسئلہ پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے اور نئی نسلوں میں پائیدار ترقی اور شجر کاری کے مسئلہ پر شعور بیدار کرنا چاہئے۔