جمعیتہ علماء بھیمگل منڈل کا سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم پر شاندار جلسہ اور انعامات کی تقسیم
جمعیتہ علماء بھیمگل منڈل ضلع نظام آباد کے زیر اہتمام مسجد نور میں جلسہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم اور تقسیم انعامات کا شاندار پروگرام منعقد ہوا۔
حیدرآباد: جمعیتہ علماء بھیمگل منڈل ضلع نظام آباد کے زیر اہتمام مسجد نور میں جلسہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم اور تقسیم انعامات کا شاندار پروگرام منعقد ہوا۔
جلسہ کا آغاز مدرسہ دارالعلوم امدایہ بھیمگل کے طالب علم کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد دو طلبائے مدرسہ اور حافظ افسر صاحب نے نعت نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا نذرانہ پیش کیا۔
اس موقع پر حضرت مولانا سید ثناء اللہ صاحب قاسمی، استاذ ادارہ مظہر العلوم نظام آباد نے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موضوع پر جامع اور پرمغز خطاب کیا۔ مولانا نے فرمایا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی آمد سے قبل عرب معاشرہ جہالت میں ڈوبا ہوا تھا، جہاں شراب نوشی، عورتوں کی بے حرمتی اور بچیوں کا زندہ دفن کرنا معمول تھا۔ لیکن نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت کے بعد ان تمام برائیوں کا خاتمہ ہوا اور دنیا میں محبت، امن اور انصاف کا پیغام آیا۔
حضرت مولانا مفتی رفیق ذاکر صاحب قاسمی، صدر جمعیتہ علماء آرمور پرکٹ نے اپنی گفتگو میں کہا کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی ہمارے لئے ہر شعبہ زندگی میں رہنمائی فراہم کرتی ہے، اور ہمیں اسوہ حسنہ کو اپنی زندگی میں اپنانا ضروری ہے۔ مولانا نے خصوصاً نوجوانوں کو نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے اخلاق پر عمل کرنے کی دعوت دی۔
نصیر الدین صاحب لکچرار، نائب صدر جمعیتہ علماء ضلع نظام آباد نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارے معاشرتی اور تعلیمی اداروں میں بچوں کو سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات سے آگاہ کرنا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جمعیتہ علماء ضلع نظام آباد کئی سالوں سے سیرت کوئز کے امتحانات منعقد کر کے بچوں میں سیرت کی آگاہی پیدا کر رہی ہے۔
جلسے کے دوران حضرت مولانا سید سمیع اللہ صاحب قاسمی، صدر جمعیتہ علماء ضلع نظام آباد نے فرمایا کہ سیرتِ النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا مطالعہ ہمارے ایمان کی حفاظت کے لئے ضروری ہے، خصوصاً اس وقت جب نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخیاں کی جارہی ہیں اور اسلام کو بدنام کرنے کی سازشیں ہو رہی ہیں۔
اس پروگرام میں بھیمگل منڈل کے ایک سو پچاس طلباء و طالبات نے سیرت کوئز میں حصہ لیا، اور شاندار کارکردگی دکھانے والوں کو انعامات، اسناد اور مومنٹوز سے نوازا گیا۔ اس موقع پر مقامی عوام، خواص اور خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
جلسہ کی صدارت حافظ فہیم صاحب، صدر جمعیتہ علماء بھیمگل نے کی۔ نظامت کے فرائض مولانا توفیق صاحب نے انجام دیے، جبکہ پروگرام میں احمد ریاض صاحب، مفتی شوکت صاحب، مفتی محسن صاحب، حافظ سراج صاحب، اور دیگر معزز شخصیات بھی شریک ہوئیں۔
جلسے کا اختتام حضرت مولانا سید سمیع اللہ صاحب قاسمی کی دعا پر ہوا۔ حافظ جلال الدین صاحب نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر خدام جمعیتہ علماء ضلع نظام آباد کے حافظ افسر صاحب، حافظ عقیل انجینئر، حافظ عبدالولی مظہری، مولانا عبدالناصر، مولوی اسامہ ایوبی، عالیجناب ضیاء صاحب، مولانا زبیر صاحب، عبداللہ صاحب انجینئر اور حافظ ابراہیم صاحب اشاعتی بھی موجود تھے۔
اللہ پاک اس بستی کی حفاظت فرمائے اور ہمیں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کرنے کی توفیق دے۔