دہلی

ایمس میں 9گھنٹے طویل سرجری،11ماہ کی توام بہنوں کو علحدہ کردیا گیا

دہلی کے ایمس ہاسپٹل میں ڈاکٹروں نے دو آپس میں جڑی ہوئی توام بہنوں ردھی اور سدھی کو کامیابی کے ساتھ علحدہ کردیا۔ یہ دونوں سینہ اور پیٹ کے اوپری حصہ سے ایک دوسرے کے ساتھ جڑی ہوئی تھیں۔

نئی دہلی: دہلی کے ایمس ہاسپٹل میں ڈاکٹروں نے دو آپس میں جڑی ہوئی توام بہنوں ردھی اور سدھی کو کامیابی کے ساتھ علحدہ کردیا۔ یہ دونوں سینہ اور پیٹ کے اوپری حصہ سے ایک دوسرے کے ساتھ جڑی ہوئی تھیں۔

پیڈیا ٹرک سرجری کے شعبہ کی سربراہ ڈاکٹر مینوباجپائی نے بتایا کہ دیپیکا گپتا کے چار ماہ کے حمل کے دوران ہی یہ پتہ چلایا گیا تھا کہ یہ دونوں توام بچیاں ہیں۔

دیپیکا گپتا کا تعلق اترپردیش کے بریلی سے ہے۔ ڈاکٹر مینو باجپائی نے بتایا کہ دونوں بچیاں گذشتہ سال 7 جولائی کو پیدا ہوئی تھیں اور 5 ماہ تک آئی سی یو میں انہیں رکھا گیا تھا۔ 8 جون کو 9 گھنٹے طویل سرجری کے بعد انہیں علحدہ کیا گیا۔ جڑواں بہنوں نے ہاسپٹل میں اپنی پہلی سالگرہ منائی۔

اِن دونوں کا آپریشن اُس وقت کیا گیا جب ان کی عمر صرف 11 ماہ تھی تاکہ وہ سرجری کی تکلیف کو برداشت کرسکیں۔

ڈاکٹر باجپائی نے بتایا کہ سرجری تقریبا 9 گھنٹوں تک جاری رہی جس میں انستھیسیا دینے کا وقت شامل نہیں ہے۔ اس وقت کو ملالیا جائے تو تقریبا 12:30 گھنٹے طویل سرجری تھی۔ دونوں لڑکیاں ہنوز ہاسپٹل میں ہیں اور ان کی صحت اچھی ہے جس کی وجہ سے ان کے والدین دیپیکا اور انکور گپتا کو کافی راحت حاصل ہوئی ہے۔

گپتا نے کہا کہ سرجری کے دوران ہم بے حد پریشان تھے لیکن ہماری دونوں لڑکیوں کو ایک نئی زندگی ملی ہے۔

a3w
a3w