ایچ سی اے کے انتخابات 10 جنوری کو ہوں گے
حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن (ایچ سی اے) کی خصوصی جنرل باڈی کا اجلاس آج منعقد ہوا جس میں ایچ سی اے کے سابق ممبران نے شرکت کی۔
حیدرآباد: حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن (ایچ سی اے) کی خصوصی جنرل باڈی کا اجلاس آج منعقد ہوا جس میں ایچ سی اے کے سابق ممبران نے شرکت کی۔
اس میں 160 ممبران نے حصہ لیا۔ اجلاس میں انتخابات کے انعقاد کی متفقہ قرارداد منظور کی گئی۔ ایچ سی اے کے ارکان نے فیصلہ کیاہے کہ انتخابات اگلے سال 10 جنوری کو ہوں گے۔ ایچ سی اے کے سابق صدر جی ونود وینکٹ سوامی نے کہاکہ ایچ سی اے کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر آج ایک خصوصی جنرل باڈی میٹنگ کا انعقاد کیاگیا۔
انہوں نے الزام لگایاکہ ایچ سی اے کے صدر کا عہدہ ختم ہونے کے باوجود اظہر الدین صدر کے عہدہ پر برقرار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایچ سی اے کے انتخابات اگلے ماہ 10 جنوری کو ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ تمام ممبران مل کر ایچ سی اے کو بچائیں گے۔
اس سے پہلے ایچ سی اے کے ارکان کو اپل اسٹیڈیم میں سیکوریٹی عہدیداروں نے روک دیا۔ حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کے ارکان کو اپل اسٹیڈیم میں داخل ہونے سے روکنے کیلئے گیٹ پہلے سے بند کردیئے گئے تھے۔ اظہر کی ہدایت کے مطابق اپل سٹیڈیم کے گیٹ بند کردیے گئے۔ چونکہ کسی کو بھی اندر جانے کی اجازت نہیں تھی، ایچ سی اے ارکان‘ سابق صدور، سابق سکریٹریز شیوالال یادو، جی ونود، ارشد ایوب، شیش نارائن اور جان منوج گیٹ کے باہر کچھ دیر انتظار کرتے رہے۔
ایچ سی اے کے سابق سکریٹری سیشو نارائنا نے ارکان کو داخل ہونے سے روکنے کیلئے گیٹ بند کرنے اور سڑک پر کھڑے ہونے پر مجبور کرنے پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ یہ ریاست کیلئے یوم سیاہ ہوگا۔
انہوں نے تجویز دی کہ حکومت مداخلت کرتے ہوئے قانون کے مطابق کارروائی کرے۔ یہ الزام لگایا گیاکہ ایچ سی اے کے ارکان کو ڈرایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ٹکٹ اسکینڈل پر اظہر الدین کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔