بنڈی سنجے کے رویہ پر ہائی کورٹ کا اظہارِ ناراضگی
بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری بنڈی سنجے کمار کے رویہ پر تلنگانہ اسٹیٹ ہائی کورٹ نے ناراضگی کا اظہار کیا۔
حیدرآباد: بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری بنڈی سنجے کمار کے رویہ پر تلنگانہ اسٹیٹ ہائی کورٹ نے ناراضگی کا اظہار کیا۔
بنڈی سنجے نے ریاستی وزیر سیول سپلائز و رکن اسمبلی کریم نگر جی کملاکر کے انتخاب کو چالنج کرتے ہوئے عدالت میں مقدمہ دائر کیا تھا۔
آج اس مقدمہ پر ہائی کورٹ میں سماعت عمل میں آئی۔ بنڈی سنجے کو اپنا جواب داخل کرنے اور جرح کے لیے آج عدالت میں پیش ہونا تھا مگر انھوں نے مزید وقت طلب کیا۔ عدالت نے کہا کہ 21 جولائی سے اب تک سنجے نے تین بار مزید وقت طلب کرتے ہوئے کارروائی کو ملتوی کرا دیا تھا۔
آج ان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل امریکہ میں ہیں اور جرح کے لیے عدالت میں پیش ہونے کے لیے مزید وقت دینے کا مطالبہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ سنجے امریکہ سے 12 ستمبر کو واپس ہورہے ہیں اور اس کے بعد ہی وہ عدالت میں حاضر ہونگے۔
عدالت نے کہا کہ اگر سنجے کو عدالت میں حاضر ہونا ہے تو وہ آرمی ویلفیئر فنڈ میں 50 ہزار روپئے کا عطیہ دیں اور آئندہ سماعت 20 ستمبر تک ملتوی کردی۔
عدالت نے کہا کہ مقدمہ پر 6 ماہ میں فیصلہ صادر کرنا ہے اور مقدمہ کی سماعت مکمل کرتے ہوئے فیصلہ سنایا جانا ہے۔ انھوں نے سنجے کے وکیل کو مشورہ دیا کہ وہ اس بات سے سنجے کو واقف کرائیں۔