شمالی بھارت

محرم کی عارضی کمان ہٹانے کا مطالبہ ۔راجہ بھیا کے باپ کا احتجاج

کنڈا کے رکن اسمبلی رگھوراج پرتاپ سنگھ عرف راجہ بھیا کے باپ نے چہارشنبہ کے دن یہاں کے ایک موضع میں محرم کے لئے لگائی گئی عارضی کمان ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج شروع کردیا۔

پرتاپ گڑھ (یوپی)۔ : کنڈا کے رکن اسمبلی رگھو راج پرتاپ سنگھ عرف راجہ بھیا کے باپ نے چہارشنبہ کے دن یہاں کے ایک موضع میں محرم کے لئے لگائی گئی عارضی کمان ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج شروع کردیا۔

سب ڈیویژنل مجسٹریٹ (ایس ڈی ایم) ستیش ترپاٹھی نے کہا کہ موضع شیخ پور عاشق میں ایک مسجد کے قریب محرم میں کمان لگائی جاتی ہے جو اسلامی مہینہ کے 10 ویں دن نکال دی جاتی ہے۔ کنور اُدئے پرتاپ سنگھ کا مطالبہ ہے کہ یہ کمان ہٹادی جائے۔

انہوں نے کہا کہ اس کمان کے نیچے سے گزرنے سے ہندوؤں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمان ہٹانے تک ان کا احتجاج جاری رہے گا۔ انہوں نے انتظامیہ پر الزام عائد کیا کہ وہ ان کی بات نہیں سن رہا ہے۔

ایس ڈی ایم نے کہا کہ معاملہ کی پرامن یکسوئی کی کوششیں جاری ہیں۔ دوسری جانب مسلم فرقہ کا کہنا ہے کہ اُدئے پرتاپ سنگھ ہر سال محرم کے موقع پر مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔