بچپن کی شادی، متاثرہ لڑکی کی خودکشی
بہار سے تعلق رکھنے والی بچپن کی شادی کی متاثرہ نابالغ لڑکی نے یہاں خودکشی کرلی۔ اس کے شوہر کو گرفتار کرلیا۔
بنگلورو: بہار سے تعلق رکھنے والی بچپن کی شادی کی متاثرہ نابالغ لڑکی نے یہاں خودکشی کرلی۔ اس کے شوہر کو گرفتار کرلیا۔ متاثرہ لڑکی نیلم کماری نے 13/ مارچ کو بنگلورو کے مضافات میں ہیباگوڈی کے قریب اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
اس کے شوہر وشال کمار ساہنی کو نابالغ سے شادی کرنے اور اسے خودکشی پر مجبور کرنے کے لیے گرفتار کرلیا گیا۔ ساہنی بھی بہار کا ہے۔ اس ضمن میں ضلع بہبود اطفال کمیٹی سے وابستہ کارکن سری دیوی نے شکایت درج کروائی تھی۔
پولیس نے کہا کہ ملزم شوہر ایک سال قبل بہار سے بنگلورو آیا تھا اور پینٹر کے طور پر کام کرتا تھا۔ فروری 2023ء میں اس نے نیلم کماری سے شادی کی اور 20دن قبل ہی اسے بنگلورو لایا۔
وہ تروپالیا محلہ میں کرایہ کے مکان میں مقیم تھے جہاں اس کی لاش لٹکتی پائی گئی۔ پولیس کو شبہ ہے کہ ملزم نے لڑکی کی مرضی کے خلاف اس کے ساتھ جسمانی تعلقات قائم کرنا شروع کردیے جس سے وہ ذہنی تناؤمیں مبتلا ہوگئی۔
ضلع میں بچوں کے تحفظ کے ذمہ دار عہدیداروں نے موقع واردات کا دورہ کیا اور ہیباگوڈی پولیس کو رپورٹ پیش کردی۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔