آندھراپردیش

نشستوں کی تقسیم پرمعاہدہ۔ ٹی ڈی پی کو این ڈی اے میں شامل ہونے بی جے پی کی دعوت

تلگودیشم پارٹی کے سپریمو این چندرا بابو نائیڈو اور جنا سینا پارٹی لیڈر پون کلیان نے ایک بار پھر ہفتہ کے روز دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کی۔

نئی دہلی / امراوتی: تلگودیشم پارٹی کے سپریمو این چندرا بابو نائیڈو اور جنا سینا پارٹی لیڈر پون کلیان نے ایک بار پھر ہفتہ کے روز دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کی۔

متعلقہ خبریں
یہ الیکشن مذہب کے تحفظ کا ہے:شاہ (ویڈیو)
اے پی میں لوک سبھا کے 13حلقوں کیلئے ٹی ڈی پی کی پہلی فہرست جاری
امیت شاہ اور نڈا کا انتخابی دورہ تلنگانہ
اسمبلی انتخابات: چندرابابو نائیڈو کی پون کلیان سے ملاقات
امیت شاہ کا جعلی ویڈیومعاملہ، 27 مقدمات درج

بتایا جاتا ہے کہ اس ملاقات کے دوران اے پی اسمبلی اور لوک سبھا کی نشستوں کی تقسیم کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نائیڈو اور پون کلیان تیسرے روز بھی دہلی میں کیمپ کئے ہوئے ہیں۔ ان دونوں قائدین نے امیت شاہ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔

7 مارچ کے بعد سے امیت شاہ سے یہ دوسری ملاقات ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ بی جے پی نے تلگودیشم پارٹی کو این ڈی اے میں شامل ہونے کی دعوت دی جبکہ ٹی ڈی پی نے 2018 میں این ڈی اے سے اپنا ناطہ توڑ لیا تھا۔ توقع ہے کہ ٹی ڈی پی، عنقریب منعقد شدنی این ڈی اے کے اجلاس میں شرکت کرے گی۔

ان تینوں جماعتوں نے نشستوں کی تقسیم کے معاہدہ کو قطعیت دے رکھی ہے۔ اس تعلق سے ایک اعلان، ایک یوم کے اندر کیا جائے گا۔ ٹی ڈی پی اور جنا سینا نے پہلے ہی نشستوں کی تقسیم کا معاہدہ کرلیا ہے۔ ٹی ڈی پی نے جنا سینا کو اسمبلی کی 24اور لوک سبھا کی 3نشستیں دینے کا اعلان کیا ہے۔

ٹی ڈی پی نے94 امیدواروں پر مشتمل پہلی فہرست جاری کردی ہے جبکہ جنا سینا پارٹی نے اپنے5امیدواروں کے ناموں پر مشتمل پہلی فہرست کا اجرا کیا ہے۔ جنا سینا جو این ڈی اے میں شامل ہے، نے گذشتہ سال ستمبر میں تلگودیشم پارٹی سے اتحاد کیا تھا۔پی ٹی آئی کے مطابق بی جے پی، تلگودیشم پارٹی اور جنا سینا پارٹی، تینوں نے نشستوں کی تقسیم کا معاہدہ کیا ہے۔

آندھرا پردیش کے سابق چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے ہفتہ کے روز کہا کہ آندھرا پردیش کے اسمبلی اور لوک سبھا کی نشستوں کی تقسیم کیلئے بی جے پی، ٹی ڈی پی اور جنا سینا پارٹیاں، معاہدہ کو قطعیت دی ہے۔ آندھرا پردیش کو برُی طرح تباہ کردیا گیا ہے۔

ریاست اور ملک کی صورتحال کو کامیابی سے تبدیل کرنے کیلئے بی جے پی اور ٹی ڈی پی آپس میں مل کر الیکشن لڑیں گی۔ دہلی میں صحافیوں کے ایک گروپ سے بات چیت کرتے ہوئے نائیڈونے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت کی ستائش کی۔ انہوں نے اے پی میں برسر اقتدار جماعت وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ بی جے پی، ٹی ڈی پی اور جنا سینا پر مشتمل اتحاد، آندھرا پردیش میں زبردست کامیابی حاصل کرے گا۔

تینوں جماعتوں کے سینئر قائدین نے دوسرے مرحلہ کی بات چیت کے دوران اتحاد کی تشکیل کو یقینی بنایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی اور جنا سینا پارٹی، لوک سبھا کی 8 اور اے پی اسمبلی 30 نشستوں پر متحدہ طور پر مقابلہ کریں گے جبکہ ٹی ڈی پی، لوک سبھا کی 17 اور اسمبلی کی 145 نشستوں سے مقابلہ کرے گی۔

بی جے پی، اے پی میں لوک سبھا کی 6 اور اسمبلی کی بھی 6 حلقوں سے مقابلہ کرے گی۔دوسرے دور کی بات چیت کے بعد یہ معاہدہ ممکن ہوسکا۔ دوسرے دور کی بات چیت میں ٹی ڈی پی سپریمو نائیڈو، امیت شاہ، صدر بی جے پی نڈا اور پون کلیان شامل تھے۔