بہار کے ایک اسکول میں بچوں کا بینک
بہار کے ضلع گیا کے ایک اسکول میں ایک انوکھا اور غیرروایتی بینک ”چلڈرن بینک آف نوادی“ چل رہا ہے۔ اس بینک کو طلبا چلاتے ہیں اور اس کے قیام کا مقصد بچوں کو بچت کی عادت ڈالنا ہے۔
گیا (بہار): بہار کے ضلع گیا کے ایک اسکول میں ایک انوکھا اور غیرروایتی بینک ”چلڈرن بینک آف نوادی“ چل رہا ہے۔ اس بینک کو طلبا چلاتے ہیں اور اس کے قیام کا مقصد بچوں کو بچت کی عادت ڈالنا ہے۔
یہ بینک بچوں کو پنسل‘ کتابیں‘ کاپیاں وغیرہ خریدنے کے لئے قرض دیتا ہے۔ بانکے بازار بلاک ہیڈکوارٹرس سے تقریباً 3 کیلو میٹر دور یہ بینک‘ ہیڈماسٹر نے نوادی مڈل اسکول کے طلبا کے لئے قائم کیا۔ اس میں کھاتے صرف طلبا ہی کھول سکتے ہیں۔
غریب طلبا کو قرض دیا جاتا ہے۔ بینک کا سارا اسٹاف بشمول کیشئر طلبا ہیں۔ گاہک بھی طلبا ہیں۔ ہیڈماسٹر جتیندر کمار نے آئی اے این ایس کو بتایا کہ اسکول میں اول تا 8 ویں جماعت 420 طلبا زیرتعلیم ہیں۔ معاشی لحاظ سے کمزور طلبا کو مالی امداد دینے کے مقصد سے اگست میں یہ بینک کھولا گیا۔
بچے‘ ماں باپ سے ملنے والی پاکٹ منی کہیں اور خرچ کرنے کے بجائے اس بینک میں جمع کراتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بینک ایک ہزار روپے تک کا قرض دیتا ہے۔
طلبا لنچ بریک میں اس بینک کو چلاتے ہیں۔ 8 ویں جماعت کے بعد اسکول چھوڑکر جانے والے طلبا اپنے کھاتے بند کراسکتے ہیں۔