شمالی بھارت

بہار کے 6 شہر انتہائی آلودہ، شہری گیس چمبر میں رہنے پر مجبور

بہار کے کئی اضلاع میں عوام اِن دنوں کافی پریشان ہیں کیونکہ گھٹتا درجہ حرارت اور بڑھتی فضائی آلودگی صحت کے سنگین مسائل پیدا کررہی ہے۔ لوگ گھروں کے اندر رہنے پر مجبور ہیں۔

پٹنہ: بہار کے کئی اضلاع میں عوام اِن دنوں کافی پریشان ہیں کیونکہ گھٹتا درجہ حرارت اور بڑھتی فضائی آلودگی صحت کے سنگین مسائل پیدا کررہی ہے۔ لوگ گھروں کے اندر رہنے پر مجبور ہیں۔

آنکھوں میں جلن اور سانس لینے میں تکلیف عام ہوچکی ہے۔گزشتہ 15 دن میں بہار کے تین تا پانچ شہر ورسٹ ایرکوالٹی انڈیکس کی اصطلاح میں سب سے اوپر ہیں۔ بہار کے 6 شہر بشمول آرہ‘ موتی ہاری‘ بیٹیا انتہائی آلودہ 10 شہروں میں شامل ہیں۔

جمعہ کی دوپہر آرہ کا اے کیو آئی 404 اور موتی ہاری کا 400 رہا۔بیٹیا 356 اے کیو آئی کے ساتھ چوتھے مقام پر ہے۔ صفر تا 100 اے کیو آئی اچھا سمجھا جاتا ہے جبکہ 401 تا 500 کو سنگین کے زمرہ میں شمار کیا جاتا ہے۔

حیرت کی بات ہے کہ بہار کے اِن اضلاع میں صنعتیں نہیں ہیں اس کے باوجود وہاں آلودگی بڑھی ہوئی ہے۔ شکر کے کارخانے کئی دہے قبل بند ہوگئے۔

بہار میں میٹرو شہروں جیسی سڑکیں نہیں ہیں جس کی وجہ سے یہاں ٹریفک کی رفتار سست رہتی ہے۔ گاڑیاں جب سست رفتار سے چلتی ہیں تو وہ زہریلی گیس زیادہ خارج کرتی ہیں۔

گیسس کے علاوہ گردوغبار‘ آلودگی بڑھارہا ہے۔ شادیوں کا سیزن ہونے کی وجہ سے آتشبازی بھی جم کر ہورہی ہے۔ صورت ِ حال‘ دمہ کے مریضوں کے لئے انتہائی خطرناک ہے۔ سرد راتوں میں پٹنہ کے شہری الاؤ بھی جلارہے ہیں۔