بی جے پی، عام آدمی پارٹی اور مجلس کے اتحاد نے ہمیں نقصان پہنچایا: جئے رام رمیش
کانگریس قائد جئے رام رمیش نے ہفتہ کے دن دعویٰ کیا کہ راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا گجرات اسمبلی الیکشن نتائج سے غیرمتاثر ہے۔ پارٹی کے مایوس کن مظاہرہ کا تجزیہ کیا جائے گا اور مناسب اقدامات کئے جائیں گے۔

بندی: کانگریس قائد جئے رام رمیش نے ہفتہ کے دن دعویٰ کیا کہ راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا گجرات اسمبلی الیکشن نتائج سے غیرمتاثر ہے۔ پارٹی کے مایوس کن مظاہرہ کا تجزیہ کیا جائے گا اور مناسب اقدامات کئے جائیں گے۔
انہوں نے تاہم الزام عائد کیا کہ گجرات میں مرکزی اور ریاستی حکومت کی مشینری کا بے جا استعمال کیا گیا۔ کانگریس کی شکایتوں پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ جئے رام رمیش نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ بی جے پی‘ عام آدمی پارٹی اور مجلس کے اتحاد نے کانگریس کے لئے رکاوٹیں کھڑی کیں۔
انہوں نے مانا کہ ریاست میں پارٹی تنظیم میں کمیاں ہیں۔ گجرات کے نتائج ہمارے لئے مایوس کن ہیں۔ کانگریس کا ووٹ شیئر 40فیصد سے گھٹ کر 27 فیصد ہوگیا لیکن 27 فیصد ووٹ شیئر ایک بنیاد ہے اور ہمارے لئے پھر سے اسے 40فیصد کردینا مشکل نہیں۔ کانگریس جنرل سکریٹری‘ بندی میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا پر گجرات اسمبلی الیکشن نتائج کا کوئی اثر نہیں پڑا ہے۔ ہمارا جوش و جذبہ پہلے جیسا ہی ہے حالانکہ تھوڑی مایوسی ضرور ہے۔ پارٹی تنظیم میں کچھ کمیاں ہیں۔ اس کا تجزیہ ہوگا اور ہمارے پارٹی صدر کو پتہ ہے کہ کیا کرنا ہے۔ جئے رام رمیش نے کہا کہ ہماچل پردیش میں وزیراعظم نریندر مودی‘ بی جے پی صدر جے پی نڈا اور مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر کے مہم چلانے کے باوجو ڈبل انجن سرکار پٹری سے اترگئی۔
کانگریس کو ہماچل پردیش میں تقویت ملی ہے۔ گجرات الیکشن نتائج نے ثابت کیا ہے کہ عام آدمی پارٹی اور مجلس کا مشترکہ مقصد کانگریس کے ووٹ کاٹنا تھا۔گجرات میں بی جے پی‘ عام آدمی پارٹی اور مجلس کا اتحاد ہمارے راستہ کی رکاوٹ بنا۔
گجرات اور ہماچل پردیش میں اسمبلی الیکشن بہ یک وقت ہونا تھا لیکن گجرات کی تاریخ بڑھادی گئی تاکہ وزیراعظم‘ وزیر داخلہ اور دیگر قائدین مغربی ریاست پر توجہ مرکوز کرسکیں۔ بھارت جوڑو یاترا کے تعلق سے جس کا آج 94 واں دن تھا‘ جئے رام رمیش نے کہا کہ ہمیں راجستھان میں زبردست ریسپانس مل رہا ہے۔ سونیا گاندھی کے دورہ ئ رنتھمبوڑکے بارے میں پوچھنے پر انہوں نے کہا کہ جو لوگ پبلک لائف میں ہوتے ہیں ان کی پرائیوٹ لائف بھی ہوتی ہے۔