سوشیل میڈیاشمالی بھارت

تاج محل کومنہدم کرکے مندر بنایا جائے:بی جے پی رکن

یوپی میں بچوں کی نصابی کتب سے مغلیہ تاریخ کو حذف کرنے کے اعلان کے بعد اب آسام سے بی جے پی (بھارتیہ جنتا پارٹی) کے لیڈر نے تاج محل کو منہدم کرنے کی اپیل کی ہے!

گوہاٹی: یوپی میں بچوں کی نصابی کتب سے مغلیہ تاریخ کو حذف کرنے کے اعلان کے بعد اب آسام سے بی جے پی (بھارتیہ جنتا پارٹی) کے لیڈر نے تاج محل کو منہدم کرنے کی اپیل کی ہے!

رکن اسمبلی روپ جیوتی کرمی نے کہا کہ تاج محل محبت کی علامت نہیں ہے اور میں وزیراعظم مودی سے اپیل کرتا ہوں کہ اسے فوری طور پر منہدم کرادیں۔

بی جے پی رکن اسمبلی نے صرف تاج محل کو ہی نہیں بلکہ دہلی کی قطب مینار کو بھی منہدم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ تاج محل پر بات کرتے ہوئے روپ جیوتی نے کہا کہ اس بات کی تحقیقات ہونی چاہئیں کہ آیا مغل بادشاہ شاہجہاں اپنی اہلیہ ممتاز سے حقیقی طور پر محبت کرتے تھے؟ اگر وہ محبت کرتے تھے تو انہوں نے ممتاز محل کی وفات کے بعد مزید تین شادیاں کیوں کی تھیں؟

انہوں نے مزید کہا کہ مغل 1526 میں ہندوستان آئے اور اس کے بعد شاہجہاں نے 1632 میں تاج محل تعمیر کرایا، تو سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اس کی تعمیر کے لئے دولت کہاں سے آئی۔

روپ جیوتی نے کہا کہ تاج محل کی تعمیر میں دولت ہماری یعنی ہندوستانیوں کی صرف ہوئی، پھر اس میں شاہجہان کا کیا کردار ہے؟ بی جے پی رکن اسمبلی نے مزید کہا میں وزیراعظم نریندرمودی سے اپیل کرتا ہوں کہ تاج محل اور قطب مینار کو منہدم کرادیں اور ان کے مقام پر دنیا کے سب سے خوبصورت مندر تعمیر کرائے جائیں۔