سوشیل میڈیایوروپ

کینیڈا میں ہندومندر پر مخالف ہندنعرے درج

کینیڈا کے اونٹاریو شہر کے ونڈسر علاقہ میں ایک ہندومندرپر مخالف ہند تصاویراور تحریر درج کی گئی۔ ونڈسر پولیس نے اپنے ایک بیان میں یہ بات بتائی۔

ونڈسر(کینیڈا): کینیڈا کے اونٹاریو شہر کے ونڈسر علاقہ میں ایک ہندومندرپر مخالف ہند تصاویراور تحریر درج کی گئی۔ ونڈسر پولیس نے اپنے ایک بیان میں یہ بات بتائی۔

اس اقدام کی ”نفرت پر مبنی واقعہ“ کے طور پر تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور اس معاملہ میں دو مشتبہ ملزم مطلوب ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ 5 اپریل کو نفرت پر مبنی تحریر کی اطلاع موصول ہونے پر ہندو مندر کو پولیس عملہ روانہ کیا گیا تھا۔

5 اپریل 2023 کو نارتھ وے ایونیو کے 1700 بلاک میں واقع ہندو مندر کو عہدیداروں کو روانہ کیا گیا تھا۔ عہدیداروں نے عمارت کی بیرونی دیوار پر مخالف ہند اور مخالف ہندو نقش و نگار بنے ہوئے دیکھے۔ عہدیداروں نے ایک ویڈیو حاصل کیا جس میں دونوں مشتبہ ملزمین کو رات 12 بجے کے بعد دیکھا جاسکتا ہے۔ اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک مشتبہ ملزم عمارت کی دیوار پر نقش و نگار بنارہا ہے اور دوسرا اس کی نگرانی کررہا ہے۔

اس واقعہ کے وقت ایک مشتبہ ملزم سیاہ سوئٹر، سیاہ پتلون پہنا ہوا تھا اور اس کے بائیں پیر پر ایک چھوٹا سا سفید لوگو بنا ہوا تھا، دوسرا مشتبہ ملزم سیاہ پتلون، سیاہ جوتے اور سفید موزے پہنا ہوا تھا۔ ونڈسرپولیس نے مندر کے اطراف واکناف رہنے والے شہریوں سے کہا کہ وہ اپنے ہوم سرویلنس سسٹم کو 11 بجے شب سے ایک بجے صبح تک چیک کریں تاکہ مشتبہ ملزمین کے بارے میں ثبوت حاصل کیا جاسکے۔

برامپٹن کے میئر پیٹریک براؤن نے بھی اس واقعہ کی مذمت کی ہے۔ اسی دوران نئی دہلی سے موصولہ اطلاع کے بموجب ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے جمعرات کے روز کینیڈا کے ونڈسر میں ایک ہندومندر میں تحریر درج کرنے کی مذمت کی اور کہا کہ وزارت خارجہ ہندوستانی قونصل خانہ کے ساتھ ربط میں ہے۔

انہوں نے جمعرات کے روز نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم مرتکبین کے خلاف کارروائی کرنے پر زور دیتے ہیں۔ اُن کی شناخت کی جائے اور اُن پر مقدمہ چلایا جائے۔ اِس کے علاوہ ایک اہم اقدام یہ ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ایسے واقعات دوبارہ نہ پیش آئیں۔ ہم کارروائی کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ اِس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ہندو عبادتگاہوں کا تحفظ ہو۔