دہلی

تبدیلی مذہب تنازعہ، کجریوال اور گوتم پال کیخلاف شکایت درج

متنازعہ تبدیلی مذہب تقریب جہاں ہندو دیوی دیوتاؤں کے خلاف نعرہ بازی کی گئی تھی اور جس پر ایک سیاسی جنگ چھڑگئی تھی، اب یہ معاملہ بی جے پی کی شکایت کے بعد پولیس میں جا پہنچا ہے۔

نئی دہلی: متنازعہ تبدیلی مذہب تقریب جہاں ہندو دیوی دیوتاؤں کے خلاف نعرہ بازی کی گئی تھی اور جس پر ایک سیاسی جنگ چھڑگئی تھی، اب یہ معاملہ بی جے پی کی شکایت کے بعد پولیس میں جا پہنچا ہے۔

بی جے پی دہلی یونٹ کے صدر آدیش گپتا نے مبینہ تبدیلی ئ مذہب پروگرام جس میں ہندو دیو دیوتاؤں کے خلاف نعرے بازی کی گئی تھی، کے سلسلہ میں چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال اور کابینی وزیر راجندر پال گوتم کے خلاف دہلی پولیس میں شکایت درج کرائی ہے۔

گپتا نے دہلی پولیس سے درخواست کی ہے کہ وہ تعزیراتِ ہند کی دفعہ 153A، 153B، 295A، 298، 505 اور 506 کے تحت کیس درج کرے۔ اطلاعات کے مطابق وسطی دہلی کے امبیڈکر بھون میں ایک پروگرام منعقد کیا گیا تھا۔

اس پروگرام کا ایک ویڈیو جاری کیا گیا تھا اور اسے وائرل بھی کیا گیا تھا۔ دہلی بی جے پی کے صدر نے کہا کہ یہ سوشل میڈیا پوسٹس تشدد پر اکسانے اور نفرت بھڑکانے کے مقصد سے تیار کیے گئے۔

گپتا نے الزام عائد کیا کہ مخالف این آر سی احتجاج کے دوران عام آدمی پارٹی قائدین نے تشدد بھڑکانے کے لیے یہی حربے اختیار کیے تھے۔ شکایت میں کہا گیا کہ امبیڈکر بھون میں 6 اکتوبر کو ایک سبھا (ریالی) منعقد کی گئی تھی۔

عام آدمی پارٹی اور متعلقہ قائدین نے یہ سبھا منعقد کی تھی، جس میں ایسے حلف لیے گئے تھے جن میں ہندو دیوی دیوتاؤں کی توہین کی گئی تھی۔ بعد ازاں سب سے کہا گیا تھا کہ وہ ہندو مذہب پر عمل نہ کریں۔

a3w
a3w