شمال مشرق

ترنمول کانگریس کے وزیر پارتھا چٹرجی گرفتار

ای ڈی ذرائع نے بتایا کہ کولکتہ کے نکتلہ علاقے میں چٹرجی کے گھر پر 27 گھنٹے طویل چھاپے کے دوران اس سلسلے میں کوئی تسلی بخش جواب نہیں دے سکے جس کے بعد افسران نے انہیں گرفتار کرلیا۔

کولکتہ: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے ہفتہ کو مغربی بنگال کے سینئر وزیر اور ترنمول کانگریس کے سینئر لیڈر پارتھا چٹرجی کو اسکول سروس کمیشن گھوٹالے میں گرفتار کرلیا۔ ای ڈی نے آج انہیں ایس ایس سی گھوٹالے میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں جنوبی کولکتہ میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا ہے۔

ای ڈی ذرائع نے بتایا کہ کولکتہ کے نکتلہ علاقے میں چٹرجی کے گھر پر 27 گھنٹے طویل چھاپے کے دوران اس سلسلے میں کوئی تسلی بخش جواب نہیں دے سکے جس کے بعد افسران نے انہیں گرفتار کرلیا۔

اس سلسلے میں، ای ڈی نے جمعہ کی صبح تجارت، صنعت اور پارلیمانی امور کے وزیر چٹرجی کے ساتھ ساتھ ریاست کے مختلف حصوں میں ان کے قریبی اور رشتہ داروں کے گھروں پر چھاپے مارنے شروع کیے تھے۔

ای ڈی نے جمعہ کی رات ارپیتا مکھرجی کے رہائشی احاطے سے تقریباً 20 کروڑ روپے کی نقد رقم برآمد کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ محترمہ مکھرجی چٹرجی کی ساتھی ہیں اور ای ڈی کو یہ رقم "ایس ایس سی گھوٹالے کی انکم” ہونے کا شبہ ہے۔ آخرکار ای ڈی نے چٹرجی کو آج صبح تقریباً 10 بجے گرفتار کر لیا۔