حیدرآباد

تلنگانہ میں برآمدات کوفروغ دینے تجاویز طلب:سومیش کمار

سومیش کمار ایف ٹی سی سی آئی میں آج منعقدہ گول میزکانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ جس کا موضوع اکسپورٹرس (برآمدکنندگان) کو درپیش چیلنجس پر غور اور نئی راہوں کی تلاش تھا۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے چیف سکریٹری سومیش کمار نے ریاست میں برآمدات کو فروغ دینے کیلئے برآمدکنندگان سے تجاوز ومشورے طلب کئے انہوں نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ برآمدکنندگان کی جانب سے پیش کئے جانے والے مسائل کو متعلقہ محکمہ کے عہدیداروں سے مشاورت کے بعد حل کرنے کی سعی کریں گے۔

وہ، ایف ٹی سی سی آئی میں آج منعقدہ گول میزکانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ جس کا موضوع اکسپورٹرس (برآمدکنندگان) کو درپیش چیلنجس پر غور اور نئی راہوں کی تلاش تھا۔چیف سکریٹری سومیش کمار نے کہا کہ حکومت نے ریاست میں کھپت میں اضافہ کیلئے سلسلہ وار اقدامات کئے ہیں جس کے نتیجہ میں ریاست میں لاک ڈاؤن سے قبل کی سطح تک متاثر کن ترقی درج کی جاچکی ہے۔

برآمدکنندگان کو ترقی میں اہم شراکت دار قرار دیتے ہوئے چیف سکریٹری نے تیقن دیا کہ حکومت برآمد کنندگان کے مسائل کو حل کرنے کی ممکنہ مساعی انجام دے گی۔ کووڈ وبا سے جو معیشت متاثر ہوئی ہے اب اس میں سدھارآرہا ہے اور ملک کی معیشت تیزی کے ساتھ بحال ہورہی ہے۔

مختلف اکسپورٹ کے یونٹس کے نمائندوں نے لاک ڈاؤن کے دوران پراڈکشن کی اجازت دینے پر حکومت سے اظہار تشکر کیا اور حکومت سے خواہش کی کہ وہ شمس آباد ایر پورٹ سے انٹر نیشنل کارگو خدمات کی سہولت کے آغاز کے اقدامات کرے اس سے برآمدات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ پروگرام میں پرنسپل سکریٹری انڈسٹریز جیش رنجن، ایف ٹی سی سی آی صدر بھاسکر ریڈی، ڈائرکٹر جنرل فارن ٹریڈ کے عہدیداران اور دیگر شریک تھے۔

a3w
a3w