تلنگانہ میں رائج تعلیمی نظام پرملک بھر کی نظریں:سبیتا
ریاستی وزیر تعلیم پی سبیتااندرا ریڈی نے دعویٰ کیا کہ ریاست میں اپنائے گئے (اڈاپٹ) تعلیمی نظام کی وجہ سے آج ملک کی تمام تر نظریں تلنگانہ پرمرکوزہیں۔
حیدرآباد: ریاستی وزیر تعلیم پی سبیتااندرا ریڈی نے دعویٰ کیا کہ ریاست میں اپنائے گئے (اڈاپٹ) تعلیمی نظام کی وجہ سے آج ملک کی تمام تر نظریں تلنگانہ پرمرکوزہیں۔
شعبہ تعلیمات میں کئی ایک اہم کامیابیوں کے حصول کے باوجود مرکز کی بی جے پی حکومت‘ریاست کے ساتھ امتیازی سلوک کررہی ہے اورمرکز‘مابقی فنڈس کے حصول میں رکاوٹیں ڈالنے کی سازش کررہا ہے۔
ٹیچرس ڈے کے موقع پرشہرکے تہدیبی مرکز رویندر ابھارتی میں منعقدہ ایک پروگرام میں وزیر داخلہ محمدمحمودعلی‘وزیرآبکاری سرینواس گوڑ کے ساتھ خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم پی سبیتا اندرا ریڈی نے یہ بات کہی۔
سبیتا اندرا ریڈی نے سابق صدرجمہوریہ سروے پلی رادھاکرشنن کوگلہائے خراج پیش کرتے ہوئے کہاکہ تحریک آزادی کے دوران اساتذہ کا رول انتہائی متاثر کن رہا۔ ایک ٹیچرسروے پلی رادھاکرشنن‘ملک کے دوسرے صدرجمہوریہ بنے۔صدرجمہوریہ کے عہدہ پر فائز ہونے کے باوجود وہ پیشہ تدریس سے وبستہ رہے۔
ان کی یوم پیدائش پرملک بھرمیں ہرسال 5 ستمبر کویوم اساتذہ کا اہتمام کیاجاتاہے۔ انہوں نے کہاکہ کورونا لاک ڈاؤن کے دوران اساتذہ نے جو ممکنہ مساعی انجام دی‘سماج اس کو کبھی فراموش نہیں کرے گا۔
وزیرتعلیم نے دعویٰ کیاکہ حکومت کے انقلابی اقدامات کی وجہ سے سرکاری اسکولوں میں بچوں کے داخلے کی شرح میں غیر معمولی اضافہ ہواہے۔ اس سال بچوں کی بڑی تعدادنے سرکاری اسکولوں میں داخلہ لیاہے۔
انہوں نے کہاکہ حکومت‘بچوں کو معیاری مفت تعلیم فراہم کررہی ہے اس سلسلہ میں حکومت نے ریاست میں اقامتی تعلیمی اداروں کا جال بچھادیا ہے جہاں کارپوریٹ اداروں کے طرز پر بچوں کومعیاری مفت تعلیم فراہم کی جارہی ہے۔اس طرح کی سہولتیں‘ملک کی کسی بھی ریاست میں میسرنہیں ہیں۔ اس موقع پروزر ا ء پی سبیتا اندرا ریڈی‘ محمدمحمودعلی اور سرینواس گوڑنے بسٹ ٹیچرس کوتہنیت پیش کی۔