تلنگانہ میں 23 اور24 جولائی کو بارش کی پیش قیاسی
تلنگانہ میں 23اور24جولائی کو کئی مقامات پر بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کی ڈائرکٹر ناگارتنا نے کہا کہ ہوا کے کم دباو کا علاقہ ودربھ علاقہ میں بنا ہوا ہے۔
حیدرآباد: تلنگانہ میں 23اور24جولائی کو کئی مقامات پر بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کی ڈائرکٹر ناگارتنا نے کہا کہ ہوا کے کم دباو کا علاقہ ودربھ علاقہ میں بنا ہوا ہے۔
اس کے آج مزید شدت اختیارکرنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہاکہ آئندہ دو تا تین دنوں کے دوران کم بارش کا امکان ہے تاہم تلنگانہ کے شمالی اضلاع کے بعض مقامات پر شدید بارش کاامکان ہے۔
ریاست کے شمالی اضلاع میں بادل دیکھے جارہے ہیں جس کے زیراثر ان اضلاع میں بارش کاامکان ہے۔انہوں نے کہاکہ بھدرادری کوتہ گوڑم، جئے شنکربھوپال پلی،مُلگ، عادل آباد،نرمل میں بھی کہیں کہیں بارش کاامکان ہے۔
انہوں نے کہاکہ جون کے مقابلہ جولائی میں زیادہ بارش درج کی گئی ہے۔126فیصد زائد بارش اس ماہ کے ابتدائی 18دنوں میں درج کی گئی ہے۔ آئندہ تین تاچاردنوں کے دوران بارش کم ہوگی۔
ہوا کے کم دباو کا علاقہ خلیج بنگال میں بن رہا ہے جس کے زیراثر آئندہ چاردنوں کے بعد ریاست کے کئی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ جگتیال، جئے شنکربھوپال پلی،ورنگل اربن، ورنگل رورل، نرمل، نظام آباد میں اب تک سب سے زیادہ بارش درج کی گئی ہے۔