تلنگانہ کے کئی مقامات پر ندیاں اور نالے ابل پڑے
ریاست تلنگانہ کے کئی مقامات پر گذشتہ دو دنوں سے وقفہ، وقفہ سے شدید بارش ہورہی ہے جس کی وجہ سے کئی مقامات پر عام زندگی شدید متاثر ہوئی ہے۔
حیدرآباد: ریاست تلنگانہ کے کئی مقامات پر گذشتہ دو دنوں سے وقفہ، وقفہ سے شدید بارش ہورہی ہے جس کی وجہ سے کئی مقامات پر عام زندگی شدید متاثر ہوئی ہے۔
جمعہ کے روز8:30 بجے صبح تک سوریا پیٹ کے آتما کور میں سب سے زیادہ190.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ ضلع کھمم کے خانہ پور میں 162 ملی میٹر اور ناگولہ ونچا میں 154.5 ملی میٹر بارش ہوئی۔
سوریا پیٹ، کھمم، بھدرا دری کتہ گوڑم اور نلگنڈہ اضلاع کے کم وبیش 20 مقامات پر 10سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ ریاست میں آج جملہ21.8 ملی میٹر بارش ہوئی۔
پڑوسی ریاست کرناٹک میں اوپری علاقوں میں شدید بارش کے نتیجہ میں تنگبھدرا پراجکٹ میں پانی کے بہاو میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہوا ہے۔ اس پراجکٹ میں پانی کا بہاؤ82,103 کیوزک بتایا گیا ہے۔ تلنگانہ کے کئی اضلاع میں بھی شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے سبب جہاں بڑے پراجکٹوں کی سطح میں اضافہ ہورہا ہے وہیں ندی اور نالوں میں پانی کا بہاؤ تیز دیکھاجارہا ہے۔
گذشتہ24گھنٹوں کے دوران ضلع کھمم میں بارش کی وجہ سے کئی مقامات پر ندیاں اور نالے ابل پڑے ہیں۔ چند ایک مقامات پر حمل ونقل کے ذرائع منقطع ہوگئے، سنگارینی کالریز کے اوپن کاسٹ مائن میں پانی داخل ہونے سے کوئلہ کی نکاسی کا عمل متاثر ہوا ہے۔
ضلع کتہ گوڑم کے پالونچہ میں کینر سانی پراجکٹ میں پانی کے بھاری بہاؤ کو دیکھتے ہوئے پراجکٹ کے 6 دروازوں کو اوپر اٹھاتے ہوئے3500 کیوزک پانی کو نشیبی علاقہ میں چھوڑا جارہا ہے۔ پراجکٹ کی مکمل سطح آب407 فٹ ہے جبکہ موجودہ طور پر 404 فٹ پانی کا ذخیرہ ہے۔
پراجکٹ سے پانی کے اخراج کی وجہ سے راجہ پورم کے مقام پر گاڑیوں کی آمد ورفت متاثر ہوئی ہے۔ نشیبی علاقہ میں مقیم افراد کو الرٹ کردیا گیا ہے۔
یلندومنڈل کےJK5oc مائن میں کوئلہ کی پیداوار کا عمل شدید متاثر ہوا جبکہ ٹیکولہ پلی منڈل میں کویا گڈم کان سے بھی کوئلہ کی نکاسی کا کام متاثر ہوا ہے۔کتہ گوڑم، منوگورو، کشٹا رام اوسی ستوپلی منڈل میں کوئلہ نکالنے کا عمل متاثر ہوا۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی۔ کویا گڑم کی آفس میں پانی داخل ہوگیا۔