آندھراپردیشسوشیل میڈیا

کار کے ٹکرانے کے بعد ڈرائیور‘ بس سے گرپڑا

آندھرا پردیش اسٹیٹ آر ٹی سی بس کے ایک کنڈکٹر کی مستعدی کی وجہ سے ایک بڑا حادثہ اس وقت ٹل گیا جبکہ کار کے ٹکرانے کے بعد ڈرائیور‘ بس سے گرپڑا۔

امراوتی: 4 اگست: آندھرا پردیش اسٹیٹ آر ٹی سی بس کے ایک کنڈکٹر کی مستعدی کی وجہ سے ایک بڑا حادثہ اس وقت ٹل گیا جبکہ کار کے ٹکرانے کے بعد ڈرائیور‘ بس سے گرپڑا۔

اس دوران فوری حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کنڈکٹر‘ ڈرائیور کی نشست پر بیٹھ گیا اور اسٹیرنگ سنبھال کر بس کو قابو میں کرلیا۔ تب تک یہ بس ڈرائیور کے بغیر 150 میٹر تک چلتی رہی۔

کنڈکٹر کی مستعدی اور فوری اسٹیرنگ سنبھال کر بس کو قابو میں کرنے پر مسافرین نے بڑی راحت کی سانس لی۔ یہ واقعہ‘ ضلع نیلور میں چہارشنبہ کے روز قومی شاہراہ پر کاویلی ٹاون کے قریب پیش آیا۔ یہ بس‘ اے پی ایس آر ٹی سی کی ملکیت بتائی گئی ہے جس میں 24 افراد سوار تھے اور یہ مسافرین کاویلی سے نیلور ٹاون جارہے تھے۔

پولیس کے مطابق مخالف سمت سے آنے والی ایک تیزرفتار کار بس سے ٹکراگئی۔ تصادم اس قدر شدید تھا کہ ڈرائیور‘ بس کے باہر گرپڑا۔ اس ٹکر سے مسافرین میں دہشت و خوف کی لہر دوڑگئی کیونکہ ڈرائیور کے بغیر بس مسلسل آگے دوڑرہی تھی۔

مسافرین نے مدد کے لئے چیخ و پکار شروع کردی تب کنڈکٹرنے چھلانگ لگاکر ڈرائیور کی نشست پر بیٹھ گیا اور فوری بریک لگاکر ایک بڑے حادثہ کو ٹال دیا۔ اس تصادم میں ڈرائیور اور 10 مسافرین کو معمولی زخم آئے ہیں۔ کار کے سامنے کا حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا تاہم دونوں گاڑیوں میں سوار افراد کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔