تلنگانہ

تلنگانہ کے 5ہزار کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کا جی او جاری

حکومت تلنگانہ نے اتوارکے روز مختلف سرکاری محکموں میں برسرخدمت 5000 کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات کوباقاعدہ بنانے کا جی اوجاری کیاہے۔

حیدرآباد: حکومت تلنگانہ نے اتوارکے روز مختلف سرکاری محکموں میں برسرخدمت 5000 کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات کوباقاعدہ بنانے کا جی اوجاری کیاہے۔

متعلقہ خبریں
شعبہ صحت میں 1331 کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کےاحکام

نئے سکریٹریٹ میں اپنے چیمبرمیں کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات کوریگولرکرنے کی فائل پر چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی دستخط ثبت ہونے کے بعد اس سلسلہ میں سرکاری احکام (جی او) جاری کئے گئے۔ اسپیشل چیف سکریٹری کے رام کرشنا راؤ نے جی اوجاری کیاہے۔

ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤنے جاری کردہ جی او کا ٹوئٹ کرتے ہوئے وعدوں کومکمل کرنے پر چیف منسٹرکے سی آر سے اظہارتشکر کیا۔

مختلف محکموں میں برسرخدمات جن کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات کوباقاعدہ بنایا جارہا ہے‘ ان میں 2909 جونیئر لکچرس‘ 180 جونیئر لکچررس (ووکیشنل)‘390 پالی ٹکنیک لکچررس‘270 ڈگری لکچررس‘محکمہ صحت میں 873 ملٹی پرپزہیلت اسسٹنٹس‘179 لیاب ٹیکنیشن اور158 فارماسٹس شامل ہیں۔

کنٹراکٹ ملازمین کو ریگولرکرنے کی فائل ان 6 فائلوں میں شامل تھی جن پر آج چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤنے نئے سکریٹریٹ میں اپنے چیمبرمیں اپنی کرسی پر براجمان ہونے کے بعد دستخط کئے تھے۔

کے سی آر نے جس پہلی فائل پر دستخط کئے وہ دلت بندھواسکیم پر عمل آوری سے متعلق تھی۔ انہوں نے پودولینڈ پٹہ جات کی اجرائی‘سی ایم ریلیف فنڈ سے استفادہ کنندگان‘کے سی آر نیوٹریشن کٹس کی فراہمی اور پالمورولفٹ اریگشن سے مربوط فائلوں پربھی دستخط کردیئے ہیں۔