تمام ہندوں سے متحد ہوجانے کی اپیل: بنڈی سنجے
صدر بی جے پی تلنگانہ بنڈی سنجے کمار نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر را ؤ تلنگانہ میں بجرنگ دل پر پابندی عائد کرنے کی سازش کررہے ہیں۔
حیدرآباد: صدر بی جے پی تلنگانہ بنڈی سنجے کمار نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر را ؤ تلنگانہ میں بجرنگ دل پر پابندی عائد کرنے کی سازش کررہے ہیں۔
آج یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجرنگ دل پر پابندی عائد کرنے کے موضوع پر بی آر ایس اور کانگریس کے درمیان مقابلہ آرآئی ہورہی ہے۔ سنجے نے کے سی آر کی بجرنگ دل پر پابندی عائد کرنے کیلئے جاری سازش کو ناکام بنانے کیلئے تمام ہندو ں سے متحد ہوجانے کی اپیل کی۔
انہوں نے ریاستی حکومت کی جانب سے بی سی طبقہ کو بھینسوں اور بھیڑوں کی تقسیم کو ایک منظم سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت بی سی طبقہ کی حقیقی ترقی کی خواہش رکھتی ہے تو اسے چاہئے کہ وہ بی سی بندھو اسکیم کا اعلان کرے۔
بی جے پی صدر نے کہا کہ ہماری سمجھ سے باہر ہے کہ کیا مجبوری ہے کہ حکومت بی سی بندھو اسکیم شروع کرنے سے گریز کررہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عنقریب بی جے پی کی جانب سے حیدرآباد میں ایک لاکھ افراد پر مشتمل بی سی گرجنا جلسہ عام منعقد کیا جائے گا۔
بنڈی سنجے نے عوام سے ریاست میں رام راجیہ کے قیام کے لئے مزید چار تاپانچ مہینہ دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کے سی آر کے خاندان کے چار افراد کا بینہ کا حصہ ہیں جبکہ ان کی کابینہ میں صرف تین افراد کا تعلق بی سی طبقہ سے ہے۔
حکومت پر بی سی طبقات کے تحفظات میں کمی لاتے ہوئے نقصان پہنچانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کے سی آر ایسا کرتے ہوئے پروفیسر جے شنکر اور اچاریہ کونڈا لکشمن باپو جی کے نظریات کا مذاق اڑایا ہے۔