دہلی

جسٹس فاطمہ بی وی اور وجینتی مالاسمیت 67مشہور شخصیات کو پدم ایوارڈس

صدر دروپدی مرمو نے جمعرات کو معروف اداکارہ وجینتی مالا بالی سمیت 67 مشہور شخصیات کو مختلف شعبوں میں ان کی شاندار خدمات کے لئے پدم ایوارڈ سے نوازا۔

نئی دہلی: صدر دروپدی مرمو نے جمعرات کو معروف اداکارہ وجینتی مالا بالی سمیت 67 مشہور شخصیات کو مختلف شعبوں میں ان کی شاندار خدمات کے لئے پدم ایوارڈ سے نوازا۔

مرمو نے راشٹرپتی بھون کے دربار ہال میں منعقدہ سول انویسٹی گیشن تقریب میں دو شخصیات کو پدم وبھوشن، نو کو پدم بھوشن اور 56 کو پدم شری ایوارڈ سے نوازا۔ڈاکٹر وجینتی مالا بالی اور کے چرنجیوی کو فنون کے شعبے میں پدم وبھوشن سے نوازا گیا۔

جسٹس ایم فاطمہ بی وی (بعد از مرگ)، ہرمس جی این کاما، ڈاکٹر اشون بالاچند مہتا، شری ستیہ ورت مکھرجی (بعد از مرگ)، شری او راج گوپال اور کیپٹن وجے کانت (بعد از مرگ) سمیت نو شخصیات کو پدم بھوشن سے نوازا گیا۔اس کے علاوہ 56 شخصیات کو ان کے متعلقہ شعبوں میں خصوصی تعاون کے لیے پدم شری سے نوازا گیا۔

اس موقع پر نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ، وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر سمیت دیگر مرکزی وزراء اور کئی معززین موجود تھے۔

خیال رہے یوم جمہوریہ کے موقع پر اعلیٰ ترین شہری اعزاز پدم ایوارڈز کا اعلان کیا جاتا ہے۔پی ٹی آئی کے بموجب جسٹس فاطمہ بی بی‘ وجئے کانت اور رن پوچے کے ارکان خاندان نے یہ ایوارڈس وصول کئے۔

واضح رہے کہ ملک میں اعلی ترین شہری اعزاز میں شامل پدما ایوارڈس تین زمروں میں عطا کئے جاتے ہیں‘پدما وبھوشن‘ پدما بھوشن اور پدما شری۔پدما وبھوشن غیر معمولی اور نمایاں خدمات پر دیا جاتا ہے جبکہ پدما بھوشن اعلی درجہ کی نمایاں خدمات پر اور پدما شری کسی بھی شعبہ میں غیر معمولی خدمات پر دیا جاتاہے۔ (تصویر صفحہ 3 پر)۔