جوا خانے کے منتظم پروین اور اس کاساتھی مادھواریڈی ای ڈی کے سامنے پیش
فارن اکسچینج مینجمنٹ ایکٹ (FEMA) کی مبینہ خلاف ورزی کے بارے میں پوچھ گچھ کے لئے ای ڈی نے ان دونوں کوطلب کیاتھا۔
حیدرآباد: جواخانہ (کیسینو)کے منتظم چیکوٹی پروین کمار اوراس کے ساتھی مادھواریڈی‘ پیر کے روز انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ(ای ڈی) کے دفتر میں پیش ہوئے۔ فارن اکسچینج مینجمنٹ ایکٹ (FEMA) کی مبینہ خلاف ورزی کے بارے میں پوچھ گچھ کے لئے ای ڈی نے ان دونوں کوطلب کیاتھا۔
پروین اور مادھوا ریڈی آج ای ڈی کے علاقائی دفتر موتوقو بشیر باغ پہونچے۔ای ڈی نے ایک ہفتہ قبل ان دونوں کونوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں ای ڈی کے سامنے پیش ہونے کاحکم دیا گیاتھا۔ ای ڈی کے عہدیداروں نے ان سے نیپال‘سری لنکا‘تھائی لینڈ‘انڈونیشیااور دیگرممالک کے جوے خانوں کے سٹہ بازوں سے مالی لین دین کے بارے میں سوالات کئے۔
مرکزی ایجنسی‘آرگنائزرس کی چند سیلبرٹیز اور سیاسی شخصیات کے ساتھ مشتبہ مالی لین دین کے بارے میں بھی پوچھ تاچھ کی ہے۔ ای ڈی کے عہدیدار ٹراویل ایجنٹ سمپت سے بھی پوچھ تاچھ کررہے ہیں۔ سمپت نے مبینہ طورپرتلنگانہ اورآندھراپردیش کے سٹہ بازوں کے ہوائی سفر کے انتظامات میں پروین اور ریڈی کی مدد کی تھی۔
ایجنسی‘پروین اور اس کے ساتھیوں کی جانب سے حوالہ کی لین دین پر توجہ مرکوزکئے ہوئے ہے۔سٹہ بازوں سے وصول شدہ رقومات کوادا کرنے کے لئے حوالہ کے طریقہ اختیارکئے گئے۔گیمنگ کے ذریعہ رقم کا بندوبست کیاگیا اور پھر بھاری منافع پر اس رقم کودوبارہ بیرونی ممالک سے حاصل کیا گیا۔
ایجنسی نے مبینہ طورپر 4حوالہ آپریٹرس کی نشاندہی کی ہے اوران چاروں کے ساتھ ای ڈی کے عہدیدارسوالات کریں گے۔
گزشتہ ہفتہ ای ڈی کے عہدیداروں نے پروین اور مادھواریڈی کے تلگوکی دونوں ریاستوں میں واقع ان کے مکانات‘ فارم ہاوزسس اوردیگر مقامات کی تلاشی لی تھی۔ اس دوران ای ڈی کوپروین کے ہالی ووڈ‘ٹالی ووڈ کے چنداداکاروں اور چند سیاسی قائدین کے ساتھ روابط کے ثبوت ملے ہیں۔