جوشی مٹھ میں خطرناک مقامات سے عوام کا تخلیہ کرایا جائے: چیف منسٹر اترکھنڈ
چیف منسٹر اترکھنڈ پشکر سنگھ دھامی نے ہفتہ کے روز دھنستے ہوئے شہر جوشی مٹھ کا دورہ کیا تاکہ صورتِ حال کا جائزہ لے سکیں۔ انھوں نے ایک مندر اور کئی مکانات کا دورہ کیا۔
نئی دہلی: چیف منسٹر اترکھنڈ پشکر سنگھ دھامی نے ہفتہ کے روز دھنستے ہوئے شہر جوشی مٹھ کا دورہ کیا تاکہ صورتِ حال کا جائزہ لے سکیں۔ انھوں نے ایک مندر اور کئی مکانات کا دورہ کیا۔
انھوں نے تقریباً 600 خاندانوں کے فوری تخلیہ کا حکم بھی دیا۔ مرکز نے زمین کے تیزی سے گھٹنے کے فوری مطالعہ کے لیے ماہرین کی ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔ یہ کمیٹی انسانی بستیوں، عمارتوں، ہائی ویز، انفرااسٹرکچر اور دریائی نظاموں کے زمین پر اثرات کا مطالعہ کرے گی۔
چیف منسٹر نے کہا کہ زندگیوں کا تحفظ ہماری اوّلین ترجیح ہے۔ عہدیداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ تقریباً 600 خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کریں جو جوشی مٹھ میں پُرخطر مکانات میں مقیم ہیں۔ دھامی نے کہا کہ فوری اور طویل مدتی ایکشن پلانس تیار کیے جانے چاہئیں۔
انھوں نے کہا کہ طبّی علاج کی سہولتیں اور عوام کو بذریعہئ طیارہ منتقل کرنے کے انتظامات کیے جانے چاہئیں۔ چیف منسٹر نے خطرناک منقطوں، ڈرینیج اور سیویر سسٹم کو ٹھیک کرنے کا حکم دیا۔ جمعہ کی شام یہاں ایک مندر منہدم ہوگیا تھا اور کئی مکانات میں بڑی بڑی دراڑیں پڑ گئی تھیں۔ لوگ خوفزدہ ہوکر کھلے آسمان تلے نکل آئے تھے۔
مقامی عوام کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی اور انفرااسٹرکچر کے مستقل فروغ کی وجہ سے یہ صورتِ حال پیدا ہوئی ہے۔ دھامی نے کہا کہ اس ٹاؤن میں ایک ڈیزاسٹر کنٹرول روم بھی قائم کیا جائے اور ریاستی و قومی ڈیزاسٹر رسپانس فورسس کو تعینات کیا جائے۔
متاثرہ عوام کی مدد کے لیے ہیلی کاپٹر خدمات بھی دستیاب کرائی جائیں۔ واضح رہے کہ جوشی مٹھ بڑے ہندو اور سکھ مقدس مقامات جیسے بدری ناتھ اور ہیمکنڈ صاحب کا باب الداخلہ ہے۔ یہاں چین سے متصل ہندوستان کی سرحد پر ایک بڑا فوجی اڈہ بھی ہے۔