سوشیل میڈیا

بیک وقت 15 پینٹگز بنانے والی Noorjahan آرٹسٹ، سوشیل میڈیا پر مچا تہلکہ

اس لڑکی کا ایک ویڈیو فی الوقت پورے سوشیل میڈیا میں چرچا کا باعث بنا ہوا ہے جس میں وہ بیک وقت 15 مجاہدین آزادی کے پورٹریٹس بناتی ہوئی دیکھی جاسکتی ہے۔

حیدرآباد: یہ لڑکی یوپی کے ایک چھوٹے سے گاؤں میں رہتی ہے۔ اسے دیکھ کر یہ نہیں لگتا کہ وہ کوئی آرٹسٹ ہے اور وہ پینٹگز بناسکتی ہے؟ کسی کی بھی تصویر یا پورٹریٹ منٹوں میں تیار کردیتی ہے۔ اس کا نام Noorjahan ہے۔

تصویریں بنانا، پورٹریٹ تیار کرنا یا کوئی اور ڈیزائن بنانا اس کے بائیں ہاتھ کا کھیل ہے۔

اس لڑکی کا ایک ویڈیو فی الوقت پورے سوشیل میڈیا میں چرچا کا باعث بنا ہوا ہے جس میں وہ بیک وقت 15 مجاہدین آزادی کے پورٹریٹس بناتی ہوئی دیکھی جاسکتی ہے۔

یہ ویڈیو دیکھ کر ہر کوئی حیران ہے کہ وہ کس طرح بیک وقت 15 الگ الگ چہرے بناسکتی ہے؟ کس طرح اس لڑکی کا دماغ 15 چہروں کے خدوخال بیک وقت کینوس پر اتارنے کے لئے کام کرتا ہے؟

اس لڑکی کا نام نور جہاں ہے اور اس کی عمر صرف 16 سال ہے۔ وہ اترپردیش کے ضلع بدایوں کے سالارپور Salarpur بلاک کے گاؤں وجئے ناگلہ Vijay Nagla میں رہتی ہے۔

ایک ہی کینوس پر 15 چہروں کو اتارنے کے لئے اگرچہ وہ پندرہ قلموں کا استعمال کرتی ہے مگر کیسے؟ ویڈیو دیکھنے کے بعد ہی آپ کو اس کا پتہ چلے گا۔

اجئے مینا نامی ایک آرٹسٹ نے اس لڑکی کا ویڈیو بناکر اپنے فیس بک پیج پر اپ لوڈ کیا اور 24 گھنٹے پورے ہونے سے پہلے ہی اس ویڈیو کو ڈیڑھ کروڑ سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے اور اسے 56 ہزار مرتبہ شیئر بھی کیا گیا ہے۔

اس لڑکی کا Noorjahan Artist کے نام سے ایک یوٹیوب چینل بھی ہے، وہ انسٹاگرام پر بھی اپنا اکاؤنٹ رکھتی ہے جبکہ فیس بک پروفائل پر بھی اس کی پینٹگز دیکھی جاسکتی ہیں۔ یہ پینٹگز بھی اتنی شاندار ہیں کہ انہیں دیکھ کر نہیں لگتا کہ ایک چھوٹے سے گاؤں میں رہنے والی 16 سالہ لڑکی نے انہیں بنایا ہو۔

اس لڑکی اور اس کی صلاحیت کے بارے میں تاہم آزادانہ طور پر کہیں سے کوئی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ اس کے باوجود سوشیل میڈیا پر اس لڑکی کا یہ ویڈیو ہنگامہ مچائے ہوئے ہے اور لوگ دل کھول کر اس کی ستائش کررہے ہیں۔ ورلڈ ریکارڈ کے بارے میں بھی ابھی کوئی معلومات دستیاب نہیں ہیں۔