دسہرہ کو سکریٹریٹ کے نئے کامپلکس کا افتتاح: پرشانت ریڈی
سکریٹریٹ کامپلکس (دفاتر معتمد) اور بنجارہ ہلز میں پولیس کمانڈ کنٹرول سنٹر کی عمارتوں کے تعمیری کاموں کے معائنہ کے بعد پرشانت ریڈی نے کہا کہ سکریٹریٹ کامپلکس کو کچھ اس طرح تعمیر کیا جارہا ہے۔

حیدرآباد: ریاستی وزیر عمارت و شوارع وی پرشانت ریڈی نے کہا کہ سکریٹریٹ کامپلکس کے تعمیراتی کام آخری مراحل میں داخل ہوچکے ہیں اور وجئے دشمی کو سکریٹریٹ کا مپلکس کی نئی عمارت کا افتتاح انجام دیا جائے گا۔
آج سکریٹریٹ کامپلکس (دفاتر معتمد) اور بنجارہ ہلز میں پولیس کمانڈ کنٹرول سنٹر کی عمارتوں کے تعمیری کاموں کے معائنہ کے بعد پرشانت ریڈی نے کہا کہ سکریٹریٹ کامپلکس کو کچھ اس طرح تعمیر کیا جارہا ہے۔ جس سے آئندہ150 تا200 سالوں تک کی ضرورتوں کی تکمیل ہوسکے۔
انہوں نے کہا کہ منسٹرس چیمبرس، چیف سکریٹری، پرنسپل سکریٹری، سکریٹریز چیمبرس اور آفس ورک ہالس، انٹر تیرڈیزائن، الکٹریکل، پلسمبنگ، ورک اسٹیشن، کلرنگ، فلورنگ، ماربلس ورکس، پورٹیکو و دیگر امور کی انجام دہی پر عہدیدار اور بلڈنگ کنٹراکٹر کی جانب سے خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
روزانہ تین شفٹس میں 2000 سے زیادہ ورکرس کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً617 کروڑ روپے کے مصارف سے سکریٹریٹ کامپلکس کی گرین بلڈنگ طرز پر تعمیر کی جارہی ہے۔ پرشانت ریڈی نے کہا کہ سکریٹریٹ کی مین بلڈنگ کے ساتھ ساتھ مساجد، مندر اور گرجاگر کے تعمیر کے کام بھی تیزی سے جاری ہیں۔
بعدازاں بنجارہ ہلز میں زیر تعمیر پولیس کمانڈ کنٹرول سنٹر کی عمارت کا معائنہ کرنے کے بعد ریڈی نے کہا کہ عمارت کے تعمیراتی کاموں کی تکمیل کے بعد یہ تلنگانہ کے تاج میں ہیرا ثابت ہوگی۔ حیدرآباد کے شہرت میں اضافہ کا باعث ہوگی۔
منزلوں پر مبنی یہ عمارت سے سارا شہر انتہائی خوبصورت نظر آئے گا۔ انہوں نے میڈیا بریفینگ روم، آڈیٹوریم، فلوروائس کلاؤڈنگ، فالس سیلنگ، و دیگر کاموں کو سرعت کے ساتھ مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ اس موقع پر ڈی جی پی ایم مہندر ریڈی، کمشنرسٹی پولیس سی وی آنند و دیگر موجود تھے۔