حیدرآباد

مریادا پرشوتم ازخود قانون،حکومتیں عمل پیرا: عارف محمدخان

کیرالاکے گورنرعارف محمدخان نے آج کہاکہ ”مریاداپرشوتم“ اصطلاح ازخود ایک قانون ہے جس پر پولیس اورحکومت عمل کر رہی ہیں۔ سماج میں اس نظام یا قانون کا احترام کیاجاتا ہے۔

حیدرآباد: کیرالاکے گورنرعارف محمدخان نے آج کہاکہ ”مریاداپرشوتم“ اصطلاح ازخود ایک قانون ہے جس پر پولیس اورحکومت عمل کر رہی ہیں۔ سماج میں اس نظام یا قانون کا احترام کیاجاتا ہے۔

ہم سیاست دانوں کو غریبوں کی مدد اوران کی ترقی کے لئے کام کرنا چاہے اورہمیں ان غریبوں کے لئے جینا چاہئے۔یہی لاڈسری رام جی کی تعلیمات ہیں۔ ہریانہ کے گورنر بنڈارودتاتریہ کی جانب سے جمعرات کے روز نمائش گراؤنڈ نامپلی میں منعقدہ الائی بلائی پروگرام سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے بی جے پی قائد عارف محمدخان نے یہ بات کہی۔

اس پروگرام میں فلمی اورسیاسی دنیا کی معزز شخصیتوں کی کثیر تعداد شریک تھی۔ گورنر عارف محمدخان نے کہاکہ حکمرانوں کوسماج کی بہتری کے لئے کام کرناچاہئے اور انہیں غریبوں اوربیمار افراد کی خدمت کرنی چاہئے۔ اگرحالات متقاضی ہوں تو بے قصورافراد کوانصاف دلانے کے لئے حکمرانوں کواپنے خاندان کی قربانی بھی دینا ہوگا۔یہی رامائن کی تعلیمات ہیں۔

اس سلسلہ میں انہوں نے رامائن مقدس کے ایک اشلوک کاحوالہ بھی دیا۔ انہوں نے کہاکہ سیاسی جماعتوں میں نظریات پر اختلاف ہوسکتا ہے مگر ان میں عوام کے بارے میں اختلاف نہیں ہوناچاہئے۔انہوں نے کہاکہ جداگانہ نظریات کی وجہ سے سیاسی قائدین‘ ایک دوسرے سے ہاتھ نہیں ملاسکتے ہوں مگر غریبوں کی بہبود اوران کی ترقی کے لئے نظریات کوبالائے طاق رکھتے ہوئے مل جل کر کام کرناہوگا۔

یہی الائی بلائی کاپیام ہے اور یہ پیام ہرایک تک پہونچناچاہے۔ عارف محمدخان نے تلگوفلم اسٹار چرنجیوی جواس پروگرام میں شریک تھے‘سے کہاکہ ”الائی بلائی کے پیام پر فلم بنائیں کیونکہ الائی بلائی پروگرام کاپیام ”اتحاد“احترام اور ایک دوسرے کے تعاون سے ترقیاتی کام انجام دینا ہے۔ بنڈارودتاتریہ اس پروگرام کے میزبان تھے جس میں ہزاروں افراد شریک تھے۔ اس پروگرام میں جہاں تلنگانہ کی تہذیب کوپیش کیا گیا‘فلم اسٹارچرنجیوی توجہ کا مرکز تھے۔

چرنجیوی نے ڈرمس کی تھاپ پرپوتوراج کے ساتھ رقص بھی کیا۔ دتاتریہ نے فلم اسٹار کا گرجوشی کے س ساتھ خیرمقدم کیا۔ دوسری طرف کانگریس قائد ہنمنت راؤنے بھی ڈرم بجایا۔دسہرہ کے فوری بعد دتاتریہ اس الائی بلائی پروگرام کااہتمام کرتے آرہے ہیں جس کا سلسلہ برسوں سے جاری ہے۔ مختلف فنکاروں نے تلنگانہ کی تہذیب کو پیش کیا۔

اپنی تقریر میں پروگرام کے میزبان وگورنر ہریانہ بنڈارودتاتریہ نے تلگوکی دونوں ریاستوں اے پی اور تلنگانہ کے وزرائے اعلی سے خواہش کی کہ وہ مل جل کر عوام کودرپیش مسائل کودوستانہ انداز میں حل کریں۔اگر دونوں باہمی اشتراک سے کام کریں گے تو تلگوکی یہ دو ریاستیں مختلف شعبہ جات میں ترقی کی منازل طئے کریں گی۔

انہوں نے کہاکہ الائی بلائی پروگرام میں دونوں ریاستوں اے پی اور تلنگانہ کے چیف منسٹرس کومدعو کیاگیا مگر ان دونوں نے شرکت نہیں کی جبکہ سابق میں منعقدہ پروگرام میں دونوں ریاستوں کے چیف منسٹرس کے چندرشیکھرراؤ اوراین چندرا بابونائیڈو نے شرکت کی تھی۔ مگران دونوں ریاستوں کے وزرائے اعلی نے مدعو کئے جانے کے باوجودپروگرام میں شرکت نہیں کی۔پروگرام میں مرکزی مملکتی وزیر پٹروکیمیکلس بھگونت کھوبہ‘ سابق گورنر سی ایچ ودیا ساگر راؤ‘ ڈاکٹر کے لکشمن ایم پی راجہ سبھا‘بی جے پی کے ارکان اسمبلی ایٹالہ راجندر‘رگھونندن راؤ اور دیگر افراد کی بڑی تعدادشریک تھی۔

a3w
a3w