تلنگانہ

دہلی شراب گھوٹالہ: بی جے پی لیڈروں کیخلاف قانونی کارروائی کرنے کویتا کا اعلان

انہوں نے کہاکہ وہ اس سلسلہ میں پہلے ہی قانونی ماہرین کے ساتھ بات چیت کررہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ملک بھر کی اپوزیشن پارٹیوں کے تئیں بی جے پی کی جانب سے تعصب کی سیاست کرنا جمہوریت میں اچھا عمل نہیں ہے۔

حیدرآباد: تلنگانہ کی حکمران جماعت ٹی آرایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا نے دوٹوک انداز میں واضح کیا کہ ان کا دہلی میں شراب گھوٹالہ سے کوئی لینا دینا نہیں ہے، مرکز اس کی جانچ کرواسکتا ہے۔

انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان پر الزامات لگانے والے دہلی بی جے پی کے لیڈروں پرویش ورما ایم پی اور سابق رکن اسمبلی منجندرسرسا کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کریں گی۔

انہوں نے کہاکہ وہ اس سلسلہ میں پہلے ہی قانونی ماہرین کے ساتھ بات چیت کررہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ملک بھر کی اپوزیشن پارٹیوں کے تئیں بی جے پی کی جانب سے تعصب کی سیاست کرنا جمہوریت میں اچھا عمل نہیں ہے۔

انہوں نے کہاکہ وہ بلقیس بانو اور دیگر مسائل پر مرکز سے سوال کرتی رہیں گی۔ ان معاملات پر جواب دیئے بغیر اپوزیشن پر کیچڑ اچھالنے کا رویہ ٹھیک نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کے خلاف لڑائی میں ٹی آرایس پیچھے نہیں ہٹے گی۔

انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران بھی ان کے والد پر کئی الزامات لگائے گئے تھے۔ وزیراعلی ایک خواب اور ایجنڈے کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں کہ ہندوستان کو کس طرح ترقی دی جائے۔