کھیل

نیرج کی نظریں عالمی خطاب پر

ٹوکیو اولمپک2020میں ہندوستان کیلئے پہلا اولمپک گولڈ میڈل جیتنے والے نیرج چوپڑا جمعرات (ہندوستان میں جمعہ کی صبح) کو عالمی اتھلیٹکس چمپئن شپ میں بھی ہندوستان کی خشک سالی کو ختم کرنا چاہیں گے۔

یوجین: ٹوکیو اولمپک2020میں ہندوستان کیلئے پہلا اولمپک گولڈ میڈل جیتنے والے نیرج چوپڑا جمعرات (ہندوستان میں جمعہ کی صبح) کو عالمی اتھلیٹکس چمپئن شپ میں بھی ہندوستان کی خشک سالی کو ختم کرنا چاہیں گے۔

ہندوستان نے2003میں عالمی اتھلیٹکس چمپئن شپ میں اپنا واحد تمغہ جیتا تھا، جب انجو بوبی جارج نے لانگ جمپ مقابلہ میں کانسے کا تمغہ جیتا تھا۔ اب سرفہرست جیولن تھرور نیرج چوپڑا 19سال بعد ہندوستان کی تمغے کی امید کے طورپر مقابلہ میں اتریں گے۔

نیرج نے اپنے سنہری کیریر میں اولمپک، ایشیائی کھیل، انڈر20 ورلڈ، کامن ویلتھ گیمز اور ڈائمنڈ لیگ میں تمغے جیتے ہیں۔ عالمی چمپئن شپ واحد اہم ایونٹ ہے جہاں انہوں نے اب تک کوئی تمغہ نہیں جیتا۔ اس بار ان سے یہ کارنامہ بھی انجام دینے کی امید کی جارہی ہے۔

گزشتہ ماہ اپنا2022 سیزن شروع کرنے والے نیرج 3 مقابلوں میں دو بار قومی ریکارڈ توڑ چکے ہیں۔ انہوں نے اس سیزن کا آغاز فن لینڈ کے پاو نورمی گیمز میں قومی ریکارڈ توڑتے ہوئے چاندی کا تمغہ جیت کرکیاتھا۔ اس کے بعد انہوں نے کوورٹانے گیمز میں طلائی تمغہ جیتا جبکہ اسٹاک ہوم ڈائمنڈ لیگ میں انہوں نے ایک بار پھر قومی ریکارڈ توڑتے ہوئے 89.94 میٹر کے تھرو کے ساتھ دوسرامقام حاصل کیا۔

دو کوالیفائنگ گروپس میں جملہ 32 جیولن پھینکنے والے حصہ لیں گے۔ 12 بہترین کھلاڑی ہفتے کو ہونے والے فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گے۔ فائنل کیلئے آٹومیٹکل کوالیفکیشن مارک 83.50 میٹر ہے اور چوپڑا اسے بغیر کسی پریشانی کے حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

نیرج کا سامنا گریناڈا کے دفاعی چمپئن اینڈرسن پیٹرس سے ہوگا جنہوں نے اس سال تین بار90 میٹر کا ہندسہ عبور کیاہے۔ فن لینڈ کے اولیور ہیلینڈر، ٹوکیو اولمپک سلور میڈلسٹ جیکب واڈلیج (چیک ریپبلک)، جرمنی کے جولین ویبر اور لندن اولمپک چمپئن کیشورن والکوٹ دوسرے اسٹار تھرورز ہوں گے جو موجودہ اولمپک چمپئن کو سخت ٹکردیں گے۔

نیرج دوسری بار عالمی چمپئن شپ میں حصہ لیں گے۔ لندن میں 2017 کے ایڈیشن میں 24 سالہ کھلاڑی فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہے تھے۔ کہنی کی سرجری کی وجہ سے وہ2019 میں حصہ نہیں لے سکے تھے۔ نیرج کے علاوہ ایک اور ہندوستانی نوجوان جیولن پھینکنے والے کھلاڑی روہت یادو بھی مقابلے میں حصہ لیں گے۔

a3w
a3w