دہلی

راجہ سنگھ جیسے بدزبانوں کو لگام لگانا حکومت کی ذمہ داری: مسلم پرسنل لا بورڈ

مولانا رحمانی نے مسلمانوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ صبر اور تحمل سے کام لیں، حکومت سے اس سلسلہ میں نمائندگی کریں اور ایسے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے قانون کی طاقت کا استعمال کریں۔

نئی دہلی: آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے کہا ہے کہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات گرامی تمام مسلمانوں کو اُن کے اپنے وجود اور اپنی اولاد سے بھی زیادہ عزیز ہے، اور اُن کی شان میں ہتک ادنی سے ادنی مسلمان کے لئے بھی ناقابل برداشت ہے۔

آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نےآج یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ افسوس کہ ادھر فرقہ پرست قائدین نے مسلمانوں کے جذبات کو بر انگیختہ کرنے کے لئے پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کے خلاف زبان کھولنا شروع کر دیا ہے۔

جس کی ایک تازہ مثال حیدرآباد کے بی جے پی لیڈر ٹی راجہ سنگھ کا بے ہودہ اور ناشائستہ بیان ہے، حکومت کو چاہئے کہ ایسے بدزبان لوگوں کو لگام دے، اس سلسلہ میں مؤثر قانون بنائے اور پہلے سے جو قانون موجود ہے، پوری قوت کے ساتھ اس کو نافذ کرے۔

 مذہبی مقدس شخصیتوں سے لوگوں کے جذبات وابستہ ہوتے ہیں، تمام لوگوں پر اس کا لحاظ رکھنا ضروری ہے اور مسلمان علماء اور دانشوروں نے ہمیشہ اس کا لحاظ رکھا ہے۔

مولانا رحمانی نے مسلمانوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ صبر اور تحمل سے کام لیں، حکومت سے اس سلسلہ میں نمائندگی کریں اور ایسے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے قانون کی طاقت کا استعمال کریں، مولانا رحمانی نے مزید کہا کہ مستقبل قریب میں ربیع الاول کا مہینہ آرہا ہے، اس کو تعارف پیغمبر کا مہینہ بنایا جائے۔

مسلم تنظیمیں، مدارس، مسجدوں کے ذمہ داران قرب وجوار کے غیر مسلم بھائیوں کو مدعو کر کے اُن کے سامنے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی حقیقی اور سچی سیرت پیش کریں؛ کیوں کہ جہالت کا اندھیرا بُرا بھلا کہنے سے ختم نہیں ہوگا، اس وقت ختم ہوگا جب سچائی کا چراغ روشن کر دیا جائے۔

a3w
a3w