حیدرآباد

راجہ سنگھ کو نااہل قرار دینے کا مطالبہ۔ مسلم شبان کی اسپیکر اسمبلی سے نمائندگی

تحریک مسلم شبان و جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا مطالبہ ہے کہ اسپیکر اسمبلی مسلمانوں کے خلاف اور اسلام کے تعلق سے راجہ سنگھ کی مسلسل گستاخیوں کی بنا پر برطرف کرنے کی قرارداد پیش کرے۔

حیدرآباد: شانِ رسالت مآبؐ میں گستاخی مسلمانوں کے لئے ناقابل برداشت ہے۔ مسلمان‘ اپنی زندگی‘ عزیز ترین مال و جان سے زیادہ سرکار دو جہاں ؐ سے محبت کرتے ہیں۔ رکن اسمبلی راجا سنگھ کی گرفتاری اس مسئلہ کا حل نہیں ہے۔

تحریک مسلم شبان و جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا مطالبہ ہے کہ اسپیکر اسمبلی مسلمانوں کے خلاف اور اسلام کے تعلق سے راجہ سنگھ کی مسلسل گستاخیوں کی بنا پر برطرف کرنے کی قرارداد پیش کرے۔

محمد مشتاق ملک صدر تحریک مسلم شبان نے آج اسمبلی پہنچ کر ایک درخواست اسپیکر کے حوالے کی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ راجا سنگھ کو ریاست کے امن و امان کو بگاڑنے اور نفرت کا پرچار کرنے کی بنیاد پر نااہل قرار دیتے ہوئے اسمبلی سے برطرف کیا جائے۔

اس موقع پر عبدالحق قمر نائب صدر شبان’محمد محبوب‘ سید سمیع موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ راجا سنگھ مذہبی نفرت پھیلانے کے کئی مقدمات میں ملوث ہے اور حال ہی میں اس نے گستاخ رسولؐ نپور شرما سے زیادہ بولنے کا اعلان کیا تھا۔ پولیس اس بیان پر کیوں خاموش تماشائی بنی رہی۔

مسلمان شان رسالت مآبؐ میں کسی بھی قسم کی گستاخی کو برداشت نہیں کریں گے۔ ٹی آر ایس حکومت کے امتحان کا وقت ہے کہ وہ مذہبی نفرت پیدا کرنے والوں کو آہنی پنجہ سے کچل دیتی ہے یا پھر مگرمچھ کے آنسو کے مصداق کارروائی کرتی ہے۔

اب وقت آگیا ہے کہ ریاست میں مذہبی پیشواؤں کی شان میں گستاخی کرنے والوں کے خلاف راست کارروائی کے لئے سخت قانون بنایا جائے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ راجا سنگھ کو اسمبلی سے نااہل قرار دینے کے لئے قرارداد منظور کی جائے۔