راہول گاندھی کو ہندوستان کی تاریخ پڑھنے کی ضرورت ہے : امیت شاہ
امیت شاہ نے کہاکہ میں انہیں اور کانگریس والوں کو ان کا پارلیمنٹ میں کہے گئے جملہ یاد دلاتا ہوں جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ہندوستان ایک قوم نہیں ہے، آپ نے کس کتاب میں پڑھا ہے۔
جودھ پور: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ کانگریس لیڈر راہول گاندھی کو ہندوستان کی تاریخ پڑھنے کی ضرورت ہے۔ امیت شاہ آج یہاں جودھ پور ڈویژن کے بوتھ کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ راہل بابا بھارت کے دورے پر نکلے ہیں، غیر ملکی جرسی، غیر ملکی ٹی شرٹ پہن کر بھارت کو جوڑنے نکلے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ’’میں انہیں اور کانگریس والوں کو ان کا پارلیمنٹ میں کہے گئے جملہ یاد دلاتا ہوں جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ہندوستان ایک قوم نہیں ہے، آپ نے کس کتاب میں پڑھا ہے۔ یہ وہ قوم ہے جہاں لاکھوں لوگوں نے سر قلم کرکے سرزمین کو سرخ کرنے کا کام کیا ہے اور ہزاروں بہنوں نے وطن کے لئے جوہر کرکے خود کو آگ میں جلایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ راہول ہندوستان کو جوڑنے کے لیے نکلے ہیں، ایسا لگتا ہے کہ انہیں ہندوستان کی تاریخ پڑھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ ’’میں یہاں وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت کو یاد دلانے آیا ہوں کہ عوام سے کئے گئے وعدوں کو پانچ سال ہونے والے ہیں، بی جے پی ان سے حساب مانگ رہی ہے کہ مسٹر راہل نے دس دنوں میں کسانوں کے قرض معاف کرنے کی بات کی تھی۔ قرض معاف کر دیا گیا۔”
وزیر اعظم نریندر مودی کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے تحت پورے ملک میں بہت زیادہ ترقی ہوئی ہے اور مسٹر مودی نے ملک کو محفوظ بنانے کا کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے ملک میں غلامی کے آثار کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا کام کیا ہے۔ ملک میں تعلیم کے فروغ کے لیے نئی تعلیمی پالیسی لائی گئی ہے۔
انہوں نے پھر سے مودی سرکار لانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سال 2024 میں ریاست کی تمام لوک سبھا سیٹیں مودی کی جھولی میں ڈالنی ہیں۔ انہوں نے کارکنوں سے ہاتھ اٹھا کر فتح کے لئے اپنے عزم کا اعادہ بھی کیا۔