زعفرانی پرچم تلے کام کرنے والے ہی حقیقی ہندو۔بنڈی سنجے کا متنازعہ تبصرہ
نفرت انگیزبیانات دینے کے لئے مشہورصدر ریاستی بی جے پی تلنگانہ ورکن پارلیمنٹ کریم نگر بنڈی سنجے کمارنے آج ایک اور متنازعہ بیان دیتے ہوئے فرقہ وارانہ منافرت کوہوادینے کی کوشش کی۔
حیدرآباد: نفرت انگیزبیانات دینے کے لئے مشہورصدر ریاستی بی جے پی تلنگانہ ورکن پارلیمنٹ کریم نگر بنڈی سنجے کمارنے آج ایک اور متنازعہ بیان دیتے ہوئے فرقہ وارانہ منافرت کوہوادینے کی کوشش کی۔
ضلع سرسلہ کے مستابادمنڈل کے گڈیم دیہات میں مراٹھا جنگجوشیواجی مہاراج کے مجسمہ کی نقاب کشائی کے بعد خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تلنگانہ کا سارے ماحول ہندوتوا جذبات سے بھرچکا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ زعفرانی پرچم تلے کام کرنے والے ہی حقیقی ہندوہیں۔
سماج بھی ایسے ہی لوگوں کو ہندو تصورکرے گا جوسیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہوکر زعفرانی پرچم تلے کام کریں گے۔ انہوں نے عوام سے اُن تمام قائدین کو مسترد کردینے کی اپیل کی جوووٹ کے لئے سیاسی کھیل کھیل رہے ہیں۔ بنڈی سنجے نے عوام کو شیواجی کی تاریخ سے واقفیت حاصل کرتے ہوئے اُن کے نقش قدم پر چلنے کا مشورہ دیا۔
انہوں نے نے عوام کو ہردیہات میں شیواجی کا مجسمہ نصب کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہاکہ شیواجی‘ہندوؤں کے لئے بھگوان سے کم نہیں تھے جنہوں نے ہندومذہب اور سماج کے تحفظ کے لئے کام کیا اگر شیواجی ہندومذہب کے تحفظ کے لئے کام نہ کرتے تو ہندو مذہب کا وجود باقی نہ رہتا۔سنجے نے مزیدکہاکہ شیواجی مہاراج نے مغل حکمرانوں کے ہندوؤں کے خلاف ظلم وستم کے خلاف آوازبلند کی اور انہیں مار بھگایا۔
بی جے پی قائد نے کہاکہ سوسال کی زندگی بسر کرنااہم نہیں ہے بلکہ ہندومذہب کی بقاء کیلئے زندگی بسر کرنا اہم ہے۔ ہندومت کی بقاء کے لئے کام کرنے والے کوہمیشہ ہمیشہ کیلئے یادرکھاجائے گا۔بعدازاں یلاریڈی پیٹ منڈل کے وینکٹ پور میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سنجے نے کہاکہ ان کی زندگی کامقصدہندومت کی بقاء کے لئے کام کرنا ہے اور وعدہ کیاکہ وہ اپنے مذہب کو سیاست کیلئے کبھی استعمال نہیں کریں گے۔