جنگلی ہاتھیوں کے حملہ میں بچی سمیت 2 افراد ہلاک
پولیس ذرائع نے بتایا کہ آٹھ ہاتھیوں کا جھنڈ جمعہ کی رات دیر گئے سنگھکھنٹا گاؤں میں داخل ہوا۔ جب خاندان نے اپنے گھر کے پچھواڑے میں ایک ہاتھی کو دیکھا تو اسے بھگانے کی کوشش کی۔
بھونیشور: اڈیشہ کے بالاسور ضلع میں دو مختلف مقامات پر جنگلی ہاتھیوں نے آٹھ سالہ نابالغ لڑکی سمیت دو لوگوں کو روند ڈالا۔
موصولہ اطلاع کے مطابق بالاسور ضلع کے سورو بلاک کے سنگھکھنٹا چترا سرالیہ گاؤں میں آٹھ سالہ بچی کو کچل کر ہلاک کر دیا۔ دوسری جانب نیا گڑھ ضلع کے رانا پور بلاک میں کامگورو- میورجھلیا روڈ پر ایک مزدور کو ہاتھی نے کچل کر ہلاک کر دیا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ آٹھ ہاتھیوں کا جھنڈ جمعہ کی رات دیر گئے سنگھکھنٹا گاؤں میں داخل ہوا۔ جب خاندان نے اپنے گھر کے پچھواڑے میں ایک ہاتھی کو دیکھا تو اسے بھگانے کی کوشش کی۔
بھگانے پر ہاتھی غصے میں آ گیا اور گھر میں گھس کر سوئی ہوئی لڑکی کو کچل ڈالا۔ لواحقین لڑکی کو ہسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
ایک اور واقعہ میں رانا پور بلاک کے تحت کامگورو-میورجھلیا روڈ پر ایک ہاتھی نے تین مزدوروں پر حملہ کر دیا جو سائیکل پر کام کرنے جا رہے تھے۔ اس دوران دو مزدور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جبکہ تیسرے کو کچل کر ہلاک کر دیا ۔ متوفی کی شناخت نیا گڑھ ضلع کے رانا پور بلاک کے تحت ناتم گاؤں کے ایس بہیرا کے طور پر کی گئی ہے۔