سان فرانسسکو میں ہندوستانی قونصل خانہ پر حملہ کیس۔ خالصتان کے حامی ملزمین کے بارے میں معلومات فراہم کرنے عوام سے خواہش
قومی تحقیقاتی ایجنسی(این آئی اے) نے امریکہ کے سان فرانسسکو میں مارچ میں ہندوستانی قونصل خانہ پر حملہ میں ملوث 10 ملزمین کی تصاویر جاری کی ہیں اور عوام سے ان کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کی خواہش کی ہے۔
نئی دہلی: قومی تحقیقاتی ایجنسی(این آئی اے) نے امریکہ کے سان فرانسسکو میں مارچ میں ہندوستانی قونصل خانہ پر حملہ میں ملوث 10 ملزمین کی تصاویر جاری کی ہیں اور عوام سے ان کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کی خواہش کی ہے۔
ایجنسی نے مطلوب ملزمین کے خلاف ”شناخت اور معلومات کے لئے درخواست“پر مشتمل 3 علیحدہ نوٹسیں جاری کی ہیں اور ایسی اہم معلومات طلب کی ہیں جن کے نتیجہ میں ان کی گرفتاری یا حراست عمل میں آسکتی ہے۔
2 نوٹسوں پر ملزمین کی تصاویر ہیں جبکہ تیسری نوٹس پر اس کیس کے دیگر 6 ملزمین کی تصویریں ہیں۔ ایجنسی نے ملزمین کے بارے میں معلومات فراہم کرنے والوں کی شناخت ظاہر نہ کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
این آئی اے کے مطابق 18 اور 19 مارچ کی درمیانی شب جب بعض موافق خالصتان تنظیموں کے ارکان مبینہ طورپر غیرمجاز طورپر قونصل خانہ میں داخل ہوگئے تھے اور اسے جلانے کی کوشش کی تھی جس کے بعد ایک کیس درج کرلیا گیا تھا۔
اُسی دن خالصتانی حامیوں نے نعرے بازی کرتے ہوئے سٹی پولیس کی جانب سے لگائی گئی عبوری رکاوٹوں کو توڑدیا تھا اور قونصل خانہ کے احاطہ میں خالصتانی پرچم نصب کردیئے تھے۔
انہوں نے عمارت کو نقصان پہنچایا تھا اور عہدیداروں پر حملہ کرتے ہوئے انہیں زخمی کردیا تھا۔ یکم اور 2 جولائی کی درمیانی شب بعض ملزمین غیرمجاز طورپر قونصل خانہ میں داخل ہوگئے تھے اور اسے آگ لگانے کی کوشش کی تھی جبکہ عہدیدار‘ عمارت کے اندر ہی موجود تھے۔
این آئی اے نے 16جون کو تعزیرات ہند کی مختلف دفعات‘ انسداد ِ غیرقانونی سرگرمیاں ایکٹ اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے سے روکنے کے ایکٹ کے تحت کیس درج کرتے ہوئے تحقیقات شروع کردی تھیں۔ کیس کی تحقیقات کے سلسلہ میں این آئی اے کی ایک ٹیم نے اگست میں سان فرانسسکو کا دورہ کیا تھا۔